نئی دہلی ، 11/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) ہفتہ کو دہلی-این سی آر میں موسم خوشگوار ہو گیا، جب شام کے وقت اچانک آندھی اور بارش نے لوگوں کو گرمی سے راحت دی۔ محکمہ موسمیات نے قبل از وقت پری مانسون بارشوں کی پیش گوئی کی تھی، جو کہ حقیقت ثابت ہوئی۔ دہلی میں بارش کے نتیجے میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اطلاع دی ہے کہ دہلی، پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ میں آج بھی آندھی طوفان کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 مئی تک شمال مغربی، مشرقی اور جنوبی اور شمالی ہند میں پری مانسون کا دور رہ سکتا ہے۔ اس دوران کئی ریاستوں میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی-طوفان آنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے اس طرح کے موسم کے دوران لوگوں کو گھروں میں رہنے کی صلاح دی ہے۔ ساتھ ہی لُو چلنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ 15 مئی کے بعد شمالی ہند میں بارش کے آثار ہیں۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پری مانسون کے بعد شدید لُو چلنے کا امکان ہے۔ اتر پردیش میں 14 سے 16 مئی کے درمیان، بہار میں آج سے ہی لُو چلنے کے آثار ظاہر کیے گئے ہیں۔ جھارکھنڈ اور اوڈیشہ میں 11 سے 14 مئی کے درمیان لُو چل سکتی ہے۔ تمل ناڈو، کیرالہ اور آسام میں لُو چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 12-11 مئی کو دہلی، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش میں بارش کے ساتھ آندھی طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں گرج، تڑپ اور 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی چلنے کا امکان ہے۔ وہیں اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں 11 مئی، 12 مئی کو راجستھان میں بارش ہو سکتی ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے 15 مئی تک پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بارش ہونے کی بات کہی ہے۔ پوروانچل کے کچھ ضلعوں میں 15 اور 16 مئی کو بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی ہندوستان کی ریاستوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ان ریاستوں میں گرج چمک کے ساتھ 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے اور پری مانسون بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 14 اپریل تک آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، پڈوچیری اور ینم میں بارش ہو سکتی ہے۔ مزید برآں، 13 اور 14 مئی کو تمل نڑو، پڈوچیری اور کرائیکل میں بھی بارش کی توقع ہے۔