ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / عیدالاضحی کی مناسبت سے کاروار میں ہوئی پیس میٹنگ؛ اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی عیدکو پُرامن اور ہم آہنگی کے ماحول میں منانے کی اپیل

عیدالاضحی کی مناسبت سے کاروار میں ہوئی پیس میٹنگ؛ اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی عیدکو پُرامن اور ہم آہنگی کے ماحول میں منانے کی اپیل

Thu, 05 Jun 2025 19:27:03    S O News
عیدالاضحی کی مناسبت سے کاروار میں ہوئی پیس میٹنگ؛ اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر کی  عیدکو پُرامن اور ہم آہنگی کے ماحول میں منانے کی اپیل

کاروار، 5 جون (ایس او نیوز): 7 جون سے 10 جون تک منائی جانے والی عیدالاضحیٰ کے پیش نظر جمعرات کو کاروار میں ہندو اور مسلم لیڈران پر مشتمل ایک اہم پیس میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں ضلع اُترکنڑا کی ڈپٹی کمشنر محترمہ کے. لکشمی پریا نے تمام مذاہب کے قائدین اور عوام سے پُر زور اپیل کی کہ وہ عید کی تقریبات امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے ساتھ منائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید قرباں ایثار، قربانی اور انسان دوستی کا پیغام دیتی ہے، جسے روایت اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے منانا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے زیرِ اہتمام ضلع پولیس دفتر میں منعقدہ ضلعی سطح کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ عید کی تقریبات پُرامن انداز میں منعقد ہوں، اس کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہری ترقیاتی محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ عید کے دوران صفائی اور کچرے کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے، جب کہ جانوروں سے متعلق امور میں محکمہ مویشی پالن اور محکمہ مال کو پولیس کے ساتھ مکمل تال میل میں کام کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

karwar-peace-meet-3

غیر قانونی مویشیوں کی نقل و حمل پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 24 چیک پوسٹ قائم کیے گئے ہیں، اور جو شخص اس غیر قانونی عمل میں ملوث پایا جائے گا، اس پر سات سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے عوام کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جھوٹی اور اشتعال انگیز خبروں سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی، اور مشورہ دیا کہ ایسی کسی بھی مشکوک اطلاع کی تصدیق کے لیے فوری طور پر کنٹرول روم یا قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔ انہوں نے تمام مذاہب کے افراد سے اپیل کی کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مسٹر ایم. نارائن نے کہا کہ عید سے قبل تمام پولیس تھانوں کی حدود میں امن کمیٹیوں کے اجلاس منعقد کیے گئے ہیں، اور عبادت گاہوں و حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عید کے موقع پر چار روز تک اضافی پولیس فورس تعینات کی جائے گی، اور 24 چیک پوسٹ مسلسل فعال رہیں گی۔ اشتعال انگیز تقاریر اور افواہوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کوئی غیر قانونی سرگرمی نظر آئے تو فوراً قریبی پولیس اسٹیشن کو اطلاع دیں۔

karwar-peace-meet-2

اجلاس میں شریک ہندو اور مسلم تنظیموں کے قائدین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اترکنڑا ضلع ہمیشہ سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال رہا ہے، اور اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عیدالاضحیٰ کو پُرامن ماحول میں منایا جائے گا۔ انہوں نے غیر قانونی مویشی نقل و حمل کی روک تھام میں انتظامیہ کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پیز کرشن مورتی اور جگدیش، ضلع پنچایت کے ڈپٹی سکریٹری پرکاش ہلمناور، محکمہ شہری ترقیات، محکمہ مویشی پالن، سب ڈویژن کے ڈی وائی ایس پیز، پولیس افسران اور مختلف مذاہب کی نمائندہ تنظیموں کے رہنما، بشمول بھٹکل کی مجلس اصلاح و تنظیم کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

Click here for report in English

Click here for report in Kannada


Share: