ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار : پوکسو کیس میں غیر متعلقہ شخص کو ملزم بنانے کا معاملہ - عدالت نے دی تحقیقاتی افسر کے خلاف کارروائی کی ہدایت

کاروار : پوکسو کیس میں غیر متعلقہ شخص کو ملزم بنانے کا معاملہ - عدالت نے دی تحقیقاتی افسر کے خلاف کارروائی کی ہدایت

Thu, 06 Mar 2025 13:34:10    S O News

کاروار، 6 / مارچ (ایس او نیوز) کمٹہ میں نابالغ لڑکی کے ساتھ عصمت دری اور اسے حاملہ بنانے کا جو معاملہ پیش آیا تھا، اس میں ایف آئی آر میں نامزد کیے گئے ملزمین کے بجائے ایک غیر متعلقہ شخص کو ملزم بنانے اور اس کے خلاف چارج شیٹ داخل کرنے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس نے سخت نوٹس لیا اور ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کو کمٹہ پولیس اسٹیشن انسپکٹر کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی ۔
    
یاد رہے کہ  2023 میں ایک نابالغ لڑکی نے کمٹہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروائی تھی کہ مرجان کے قریب تارے باگیل امبیگار کیری کے  رہنے والے رویندرا شنکر امبیگا (30 سال) اور سندیپ ایشور امبیگا (26 سال) نے اس کے ساتھ عصمت دری کرتے ہوئے اسے حاملہ بنایا ہے ۔  اس معاملے کے تحقیقاتی افسر کی ذمہ داری نبھانے والے کمٹہ پولیس اسٹیشن کے انپسکٹر نے رویندرا اور سندیپ کا نام چارج شیٹ میں شامل نہیں کیا بلکہ ونائیک نائک (40 سال) نامی ایک رکشہ ڈرائیور کو ملزم بناتے ہوئے اس کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ۔ حالانکہ اس ونائیک نامی رکشہ ڈرائیور کا نام شکایت کنندہ لڑکی کے بیان یا پھر ایف آئی آر میں درج نہیں تھا ۔ 
    
سیشن کورٹ کی اسپیشل پوکسو عدالت میں ونائیک کے وکیل جی ٹی نائک نے اس نکتے کو واضح کرتے ہوئے درخواست دی تھی کہ ونائیک کو اس معاملے سے بری کیا جائے ۔ تکنیکی اسباب کی بنیاد پر عدالت نے اس عرضی کو قبول نہیں کیا مگر جج پرتیبھا کلکرنی نے تحقیقاتی افسر کی طرف سے جان بوجھ کر کی گئی اس غلطی کو سنجیدگی سے لیا ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصوروار افسر کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی کی جائے ۔ اب ضلع ایس پی کی تحقیقات سے یہ بات صاف ہوگی کہ اس سے قبل کمٹہ پولیس سب انسپکٹر کی ذمہ داری نبھانے والے نوین نائک اور انسپکٹر کی ذمہ داری نبھانے والے تیمپّا نائک میں سے کون ہے جس نے اس غلطی کا ارتکاب کیا ہے ۔
    
معلوم ہوا ہے کہ متاثرہ لڑکی اور اس کی بہن نے پولیس اور جج کو دئے گئے اپنے پچھلے بیانات میں روی اور سندیپ امبیگا کو ہی عصمت دری کا ملزم بتایا ہے ۔ اس کے بعد ان دونوں بہنوں نے اضافی بیان دیتے ہوئے ونائیک کا نام بھی لیا جس کی بنیاد پر چارج شیٹ میں اس کا نام شامل کیا گیا ۔ لیکن ایف آئی آر میں درج شدہ ملزمین کے خلاف چارج شیٹ میں کوئی بھی بات درج نہیں کی گئی ہے ۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں ونائیک بچے کا باپ نہ ہونے کی بات ثابت ہونے کے بعد بھی تحقیقاتی افسر نے عصمت دری کے اصل مجرم اور بچے کے باپ کا پتہ لگانے کی بھی کوئی کوشش نہیں کی ہے ۔ اسی وجہ سے عدالت نے ضلع ایس پی سے کو قصوروار پولیس افسر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔  


Share: