بھٹکل 31 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے پورورگہ علاقے میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مینگلور جانا ایک میاں بیوی کو مہنگا پڑ گیا، جہاں ان کی غیر موجودگی میں نامعلوم چوروں نے گھر میں نقب لگا کر قیمتی سونے کے زیورات پر ہاتھ صاف کرلیا۔
یہ واردات پورورگہ چرچ کے عقب میں واقع نیوز پیپر ایجنٹ فرانسس ڈیسوزا کے مکان میں بدھ کی صبح سامنے آئی۔ فرانسس ڈیسوزا کے مطابق، وہ اور ان کی اہلیہ منگل کی صبح تقریباً دس بجے گھر پر تالہ لگا کر مینگلور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ بدھ کی علی الصبح جب وہ واپس لوٹے تو دیکھا کہ مکان کے سامنے کے دروازے کا تالہ ٹوٹا ہوا ہے۔
گھر کے اندر داخل ہونے پر بیڈروم کی الماری کھلی ہوئی تھی اور سامان بکھرا پڑا تھا۔ جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ الماری میں رکھے تقریباً نو لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات چوری ہو چکے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی بھٹکل ٹاؤن پولیس موقعِ واردات پر پہنچی اور تفتیش شروع کی۔ کاروار سے ڈاگ اسکواڈ اور فنگر پرنٹس کے ماہرین کو بھی طلب کیا گیا، جنہوں نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔
اس سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مزید تفتیش میں مصروف ہے۔