منگلورو ، 11 / جنوری (ایس او نیوز) نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے مطابق منریگا اسکیم کو بچانے کے لئے کانگریس پارٹی کی طرف سے ملک گیر پیمانے پر مہم چلائی جائے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں اے آئی سی سی کی طرف سے پروگرام ترتیب دیا گیا ہے ۔ کرناٹکا میں مختلف انداز میں مہم چلائے گی ۔ پارلیمان کے خصوصی سیشن کے موقع پر تمام پارلیمانی حلقوں میں 26 جنوری سے 2 فروری کے دوران میں 5 تا 10کلو میٹر تک کی پدیاترا کی جائے گی ۔ پنچایت اراکین کے علاوہ جاب کارڈ رکھنے والے افراد اس پدیاترا میں حصہ لیں گے ۔ اس مہم کے ذریعے منریگا قانون میں کی گئی ترمیم سے پیدا ہونے والی مشکلات کے بارے میں عوام کو آگاہ اور بیدار کیا جائے گا ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کرناٹکا میں ہر سال 6 ہزار کروڑ روپے کا کام منریگا کے تحت ہوتا ہے ۔ مرکزی حکومت ترمیم کے ذریعے اس اسکیم کا قتل کرنا چاہتی ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ منریگا کے اس نئے قانون کو واپس لیا جائے ۔