ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ای-20 پالیسی پر کانگریس کا مودی حکومت کو نشانہ، جے رام رمیش نے شکر مہنگی ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا

ای-20 پالیسی پر کانگریس کا مودی حکومت کو نشانہ، جے رام رمیش نے شکر مہنگی ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا

Sat, 22 Aug 2026 12:00:36    S O News

نئی دہلی  ، 22/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی)ملک میں شکر کی قیمتوں  میں  بے تحاشہ اضافہ کیلئے مودی سرکار کی پیٹرول میں   اتھنال  ملانے کی ’ای  -۲۰؍ پالیسی‘کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کانگریس نے اس پر فوری نظر ثانی کی مانگ کی ہے۔  پارٹی نے اسے ’’عوام مخالف ‘‘ قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ یہ پالیسی  نہ صرف گاڑیوں کیلئے مسائل پیدا کررہی ہے بلکہ گھریلو اخراجات کو بھی بڑھا رہی ہے، جو  قطعی ناقابل قبول ہے۔

کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رامیش نے  متنبہ کیا ہے کہ گنے کو اتھنال بنانے کیلئے استعمال کرنے کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزیں مہنگی ہورہی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق  حکومت نے ۲۵؍ لاکھ ٹن گنا جس سے شکر تیار ہوسکتی تھی، کو اتھنال کی تیاری کیلئے استعمال ہونے دیا اور اب ملک میں شکر کی قلت سے نمٹنے کیلئے شکر کی درآمد پر ڈیوٹی صفر کردی گئی ہے۔ جے رام رمیش نے مودی سرکار کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ گاڑی بھی مہنگی پڑے اور کھانا بھی مہنگا ہو،ایسی عوام دشمن پالیسی ملک کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ایکس پوسٹ کیا ہے کہ ’’مغرور مودی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے عوام مہنگے کھانے اور مہنگے سفر دونوں کی قیمت چکا رہے ہیں۔ مودی حکومت کی کوتاہ بینی اور عوام دشمن ای ۲۰؍ پالیسی کی وجہ سے ایک طرف مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف گاڑیوں کے مالکان کم مائلیج اور گاڑیوں کی خرابی کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہیں۔ عوام سڑکوں اور کچن دونوں جگہوں پر اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔‘‘

کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ یہ فطری تھا کہ جب گنے اور اناج کو اتھنال میں تبدیل کر کے پٹرول میں ملایا  جائے گا تو گنے سے تیار ہونے والی مصنوعات کی قلت ہو جائے گی، جب کہ اتھنال کیلئے تیار نہ ہونے والی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خطرہ ہو گا۔  انہوں  نے کئی خوردنی اشیاء کی مہنگائی کو براہ راست اتھنال  سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ۲۵؍لاکھ ٹن  شکر بنانے  کے قابل گنے کو اتھنال میں تبدیل کر دیا گیا ، جس کے نتیجے میں پچھلے ۳؍مہینوں میں ہی  شکر  کی قیمت ۴۸؍روپے سے بڑھ کر ۶۷؍ روپے کلو، گڑ کی قیمت ۵۰؍روپے سے بڑھ کر ۶۵؍ روپے فی کلو تک بڑھ گئی۔ 


Share: