ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دیوالی سے قبل کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ماہ اضافہ، کانگریس کی مودی حکومت پر تنقید

دیوالی سے قبل کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے ماہ اضافہ، کانگریس کی مودی حکومت پر تنقید

Sun, 01 Nov 2026 10:57:34    S O News

نئی دہلی، یکم نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دیوالی سے عین قبل مسلسل تیسرے ماہ ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یکم نومبر 2026 سے بڑے شہروں میں کمرشیل ایل پی جی کی قیمتوں میں 10 روپے سے لے کر 17 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کمرشیل ایل پی جی 19 کلوگرام والے سلنڈروں میں فروخت کی جاتی ہے۔ دوسری جانب گھریلو ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل چھٹے مہینے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ کمرشیل ایل پی جی کے برعکس گھریلو ایل پی جی سلنڈر 14.2 کلوگرام کے ہوتے ہیں اور ہندوستانی گھروں میں ان کا استعمال سب سے زیادہ کیا جاتا ہے۔

کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پر اضافہ پر کانگریس نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’دیوالی سے قبل ’مہنگائی مین‘ کا چابک پھر چل گیا۔ کمرشیل ایل پی جی سلنڈر 17 روپے مہنگا ہو گیا۔ مودی نے رواں سال 10 ماہ کے دوران کمرشیل سلنڈر 1287 روپے مہنگا کر دیا۔‘‘ کانگریس نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’سال کے آغاز میں جو سلنڈر 1684 روپے کا تھا، وہ اب 2971 روپے کا ہو گیا ہے۔‘‘ پارٹی کے مطابق مودی کا واحد ایجنڈا عوام کو لوٹنا ہے۔

واضح رہے کہ آج سے دہلی میں 19 کلوگرام والے کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کر کے اسے 2820 روپے کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ ماہ اس کی قیمت 2810 روپے تھی۔ یہ سب سے کم اضافہ ہے۔ نومبر 2026 میں سب سے زیادہ اضافہ کولکاتہ میں کیا گیا، جہاں قیمت 17 روپے بڑھ کر 2971 روپے فی سلنڈر ہو گئی، جبکہ اکتوبر میں وہاں ایل پی جی کی قیمت 2954 روپے تھی۔ ممبئی میں ایل پی جی کی قیمت 10.50 روپے بڑھ کر 2775 روپے ہو گئی ہے، جبکہ گزشتہ ماہ یہ 2764.50 روپے فی سلنڈر تھی۔ اس کے علاوہ چنئی میں اس ماہ ایل پی جی کی نئی قیمت 2994.50 روپے ہے، جو اکتوبر 2026 کی 2983 روپے کی قیمت کے مقابلے 11.50 روپے زیادہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کمرشیل ایل پی جی سلنڈر کا استعمال ہوٹلوں، ریسٹورنٹ، ڈھابوں اور کیٹرنگ کے کاروبار میں بڑے پیمانے پر ہوتا ہے۔ ایسے میں قیمتوں میں اضافے سے ان کاروباروں کا خرچ بڑھ سکتا ہے۔ جن دکانوں اور ریسٹورنٹ میں روزانہ کئی سلنڈر استعمال ہوتے ہیں، ان کے لیے معمولی اضافہ بھی ماہانہ بنیاد پر بڑے اضافی خرچ کا سبب بن سکتا ہے۔


Share: