انکولہ، 25 / مارچ (ایس او نیوز) انکولہ کے کینی میں مجوزہ تجارتی بندرگاہ کے لئے ساحلی علاقے کے سروے کا کام تنازعہ اور احتجاج کے بیچ ختم ہوا ۔ اس کے بعد 90 میٹر چوڑی سڑک تعمیر کرنے کے لئے ڈرون کی مدد سے سروے کا کام شروع کیا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ جندال گروپ کو بندرگاہ کی تعمیر کا ٹھیکہ ملا ہے ۔ جے ایس ڈبلیو کینی پورٹ لمیٹیڈ کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر یہاں تجارتی گرین فیلڈ بندرگاہ سمندر کے بیچ میں ہی تعمیر کی جا رہی ہے ۔ سمندر کے اندر ٹاٹا کنسلٹینسی کے ذریعے پورا کیا گیا ہے ۔ بندرگاہ کی تعمیر کی لاگت کا تخمینہ 4118 کروڑ روپے ہے ۔ اب اس بندرگاہ کے لئے رابطے کی سڑکیں تعمیر کرنے کا کام شروع ہوگا جس کے لئے اپریل میں عوامی اجلاس کے بعد حصول اراضی کی کارروائی شروع کی جائے گی ۔
کہا جاتا ہے کہ بندرگاہ سے رابطے کی جو 6.5 کلو میٹر لمبی اور 90 میٹر چوڑی سڑک بننے جا رہی ہے اس کے لئے تقریباً 140 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے اور اس راستے میں 75 مکانات آتے ہیں جنہیں ڈھانا پڑے گا ۔