کاروار 22/فروری (ایس او نیوز): ساحلی کرناٹک میں بنیادی ڈھانچے اور صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت کے طور پر وزیراعلیٰ سدرامیا اور نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے اتوار کے روز ضلع اترکنڑا کے انکولہ تعلقہ میں طویل عرصے سے زیرِ انتظار منجوگنی–گنگاولی پُل کا افتتاح کیا، جبکہ بعد ازاں کاروار میں کرناٹک انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (KRIMS) کی نئی 450 بستروں پر مشتمل ہائی ٹیک عمارت عوام کے نام وقف کی۔
دونوں قائدین خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہبلی سے منجوگنی پہنچے، جہاں عوامی نمائندوں اور ضلعی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ گنگاولی ندی پر تعمیر کیا گیا یہ پُل 34.21 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے اور یہ انکولہ تعلقہ کے منجوگنی گاؤں کو کمٹہ تعلقہ کے گنگاولی گاؤں سے براہِ راست جوڑتا ہے۔ یہ منصوبہ مقامی عوام کے کئی دہائیوں پرانے مطالبے کی تکمیل ہے اور اس سے دونوں تعلقوں کے درمیان آمد و رفت میں نمایاں سہولت کے ساتھ ساتھ علاقائی معاشی و سماجی ترقی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ کاروار پہنچے جہاں انہوں نے کریمس اسپتال کی نئی 450 بستروں پر مشتمل عمارت کا افتتاح کیا۔ سوپر اسپیشیا لٹی ماڈل پر قائم یہ جدید طبی مرکز ضلع اترکنڑا اور اطراف کے ساحلی علاقوں کے عوام کو اعلیٰ اور خصوصی طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اسپتال کو جدید آلات اور بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے اور سوپر اسپیشیا لٹی خدمات کو مرحلہ وار مکمل طور پر شروع کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
تقریب میں وزیر برائے طبی تعلیم شرن پرکاش پاٹل، ضلع انچارج وزیر منکال ویدیا، کاروار کے رکنِ اسمبلی ستیش سیل، سرسی کے رکنِ اسمبلی بھیمنا نائک، ہلیال کے رکنِ اسمبلی آر وی دیشپانڈے سمیت دیگر عوامی نمائندے اور اعلیٰ ضلعی حکام شریک تھے۔