ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گیانیش کمار کو ہٹانے کے مطالبے پر ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، دہلی کے جنتر منتر پربھی احتجاج کا اعلان

گیانیش کمار کو ہٹانے کے مطالبے پر ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، دہلی کے جنتر منتر پربھی احتجاج کا اعلان

Sat, 03 Oct 2026 00:56:18    S O News
گیانیش کمار کو ہٹانے کے مطالبے پر ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا احتجاج، دہلی کے جنتر منتر پربھی احتجاج کا اعلان

ممبئی 2 اکتوبر (ایس او نیوز): چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کی جانب سے جمعہ کو ممبئی کے شیواجی پارک میں احتجاج کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد کے ساتھ طلبہ تنظیموں، سماجی کارکنوں اور فلمی دنیا سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ احتجاج پولیس کی جانب سے اجازت نہ دیے جانے کے باوجود منعقد کیا گیا۔

CJP کے بانی ابھجیت دپکے نے اس احتجاج کو ’جیل بھرو آندولن‘ قرار دیتے ہوئے گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق CJP کی تین اہم مانگیں ہیں: گیانیش کمار کا استعفیٰ، 2025 میں تیار کی گئی ووٹر فہرست کو منجمد کرکے اسی فہرست کی بنیاد پر انتخابات کرانا، اور آئندہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے ایک شفاف اور آزاد طریقہ کار اختیار کرنا جس میں سول سوسائٹی کی شرکت ہو۔

احتجاج کا اعلان CJP نے الیکشن کمیشن کے اندر مبینہ اختلافات اور ووٹر فہرستوں کی خصوصی انتہائی نظرثانی (SIR) سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس کے بعد کیا تھا۔ جس کے مطابق الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے 10 ماہ کے دوران کم از کم 14 مرتبہ SIR سے متعلق بعض فیصلوں اور احکامات پر اعتراضات درج کیے تھے۔

شیواجی پارک میں ہونے والے احتجاج میں طلبہ تنظیموں SFI اور AISF کے کارکن بھی موجود تھے۔ اداکارہ شبانہ اعظمی، نصیرالدین شاہ، گلوکار و موسیقار وشال ددلانی، فلم ڈائریکٹر وشال بھاردواج اور مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی احتجاج میں شرکت یا حمایت کی۔

mumbai-cjp-protest-2

ممبئی پولیس نے احتجاج کے لیے اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق شیواجی پارک میں اجتماعات سے متعلق ہائی کورٹ کے احکامات اور مہاراشٹرا حکومت کے حکم کے باعث وہاں اجازت دینے کا اختیار نہیں تھا۔ پولیس نے متبادل مقام کی تجویز بھی دی تھی اور علاقے کو رہائشی و سائلنس زون قرار دیتے ہوئے شور، ٹریفک اور قریبی اسکولوں پر ممکنہ اثرات کا حوالہ دیا تھا۔

اس کے باوجود جمعہ کو بڑی تعداد میں مظاہرین شیواجی پارک پہنچے۔ وائرل وڈیو دیکھا گیا کہ ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے ہاتھوں میں مختلف بینرس اور گیانیش کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوئے،حالانکہ علاقے میں پولیس کی بھاری تعیناتی کی گئی تھی اور دادر اسٹیشن سے شیواجی پارک کی جانب جانے والے راستوں پر بھی پولس کے انتظامات کیے گئے تھے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے گیانیش کمار کے استعفے اور انتخابی عمل میں شفافیت کے مطالبے پر نعرے لگائے اور مختلف پلے کارڈز اٹھائے۔ CJP رہنما ابھجیت دپکے نے کہا کہ اگر مطالبات پورے نہیں ہوئے تو احتجاج کو دہلی کے جنتر منتر تک لے جایا جائے گا۔ CJP نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ ممبئی سے شروع ہونے والی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک لے جایا جائے گا۔

احتجاج کو شیو سینا (UBT) اور مہاراشٹر نونرمان سینا (MNS) کی جانب سے بھی حمایت حاصل ہوئی، پولیس نے کہا کہ وہ امن و امان اور ٹریفک کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔


Share: