انکولہ، 18 اکتوبر (ایس او نیوز): انکولہ تعلقہ کے وڈّی گھاٹ کے قریب سنیچر کی شام پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں مسافروں سے بھری بس تیز موڑ پر بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں ڈرائیوراورکنڈکٹرسمیت 49 مسافر زخمی ہوگئے۔ خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ذرائع کے مطابق، کمٹہ–سرسی روٹ پر سڑک کی مرمت کا کام جاری ہونے کے سبب متعلقہ بس کو متبادل راستے کے طور پر وڈّی گھاٹ کے دشوار گزار راستے سے گزارا جا رہا تھا۔ تاہم، ایک تنگ موڑ پر بس بے قابو ہوگئی اور تین قلابازیاں کھاتے ہوئے نیچے گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور زخمیوں کو بس سے نکال کر قریبی سڑک تک پہنچایا۔ بعد ازاں انہیں نجی گاڑیوں کے ذریعے انکولہ اور کمٹہ کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
معلومات کے مطابق، حادثے کا شکار بس بلاری سے کمٹہ جارہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی انکولہ پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران جائے وقوع پر پہنچے، حالات کا جائزہ لیا اور مسافروں کو ضروری امداد فراہم کی۔ اس سلسلے میں انکولہ پولیس تھانہ میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔