برہماور ،23 / اکتوبر (ایس او نیوز) نلکور گرام پنچایت علاقے میں تین دن پہلے پیش آئے ایک حادثے میں بائک چیتے سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے چیتا ہلاک ہوگیا جبکہ بائک سوار شدید زخمی ہوا ہے ۔
حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کا نام بھاسکر شیٹی بتایا جاتا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ جب بھاسکر شیٹی اپنی موٹر سائیکل پر گھر لوٹ رہا تھا تو اچانک ایک چیتا سڑک پار کرنے لگا ۔ یہ منظر دیکھ کر بھاسکر اپنی بائک پر قابو رکھ نہیں پایا اور بائک سیدھے چیتے سے ٹکراتے ہوئے سڑک پر گر گئی ۔
بائک ٹکر سے لگنے والی چوٹ چیتے کے لئے جان لیوا ثابت ہوئی اور اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ۔ مقامی لوگوں نے بھاسکر شیٹی کو شدید زخمی حالت میں فوری طور قریبی اسپتال میں منتقل کیا ۔
محکمہ جنگلات افسران نے جائے حادثہ پر پہنچ کر چیتے کی لاش کا معائنہ کیا ۔ اس تعلق سے شنکر نارائین پولیس اسٹیشن میں کیس درج کر لیا گیا ہے ۔