ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : وزیر منکال وئیدیا اپنے منصب کا وقار بھول کر بات کرتے ہیں - بی جے پی کا الزام

بھٹکل : وزیر منکال وئیدیا اپنے منصب کا وقار بھول کر بات کرتے ہیں - بی جے پی کا الزام

Sun, 25 Jan 2026 18:15:52    S O News
بھٹکل :  وزیر منکال وئیدیا اپنے منصب کا وقار بھول کر بات کرتے ہیں - بی جے پی کا الزام

بھٹکل،  25 / جنوری (ایس او نیوز) بی جے پی کے لیڈر اننت مورتی نے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا پر الزام لگایا کہ نقل و حمل کا مسائل ہوں یا بیڈتی اور وردا ندی کو جوڑنے کا مسئلہ ہو، ہر معاملے میں ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اپنے عہدے اور منصب کے وقار کو بھول کر بات کرتے ہیں ۔ 
    
بھٹکل کے بی جے پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ماری کمبا جاترے سے متعلقہ میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے منکال وئیدیا نے کہا تھا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں نئی بسیں نہیں لائی گئی تھیں ۔ اس تعلق سے ہمارے پاس دستاویزات موجود ہیں ۔ اب وزیر موصوف کہتے ہیں کہ انہوں نے ایسا نہیں کہا تھا بلکہ یوں کہا تھا کہ بی جے پی کے دور حکومت اور کانگریس کے دور حکومت میں کتنی بسیں آئی ہیں یہ دیکھا جائے ۔  حالانکہ ہمارے پاس وزیر کے بیان کا ویڈیو موجود ہے ۔ اب وہ جھوٹ بول رہے ہیں ۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ منکی پٹن پنچایت کے الیکشن میں شکست سے وہ پریشان ہوگئے ہیں ۔ 
    
بیڈتی - وردا ندی کو جوڑنے کے منصوبے کے بارے میں اننت مورتی نے کہا کہ یہ تجویز بی جے پی کے دور حکومت میں اسمبلی میں پیش کی گئی تھی ، لیکن اس کو عمل میں لانے کا کام نہیں کیا گیا تھا ۔ اسی طرح شراوتی پمپڈ اسٹوریج منصوبے کی تجویز بھی بی جے پی حکومت کے بجٹ میں رہی ہوگی مگر کانگریسی حکومت اتر کنڑا کے ضلع کے لئے نقصان دہ ثابت ہونے والے ان دونوں منصوبوں کو عمل میں لانے کا کام کر رہی ہے ۔ کسی بھی قیمت پر اسے قبول نہیں کیا جائے گا ۔ ریاست کے دوسرے علاقوں کی سہولت کے لئے اگر بی جے پی لیڈران بھی ان منصوبوں کی حمایت میں سامنے آئیں گے تب بھی ضلع کے مفادات کو بچانے کے لئے ہم لوگ ان منصوبوں کے خلاف احتجاج جاری رکھیں گے ۔ 
    
اس موقع پر بھٹکل بی جے پی منڈل جنرل سیکریٹری شرینواس نائک، ویویک نائک اور دیگر لیڈران موجود تھے ۔ 


Share: