کمٹہ 5/اپریل (ایس او نیوز): لاری اور بائک کی ٹکر میں بائک پر سوار ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا جسے کمٹہ سرکاری اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال شفٹ کیا گیا ہے۔
حادثہ اُترکنڑا ضلع کے کمٹہ میں گِب سرکل کے قریب قومی شاہراہ پر اتوار شام کو پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت سبرا منیا بھیرپا امبیگا (35) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ زخمی شخص بھگیرتھ مہادیو امبیگا (25) کے پیر کوشدید چوٹ لگنے سے اسے مزید علاج کے لئے منی پال روانہ کیا گیا ہے۔ دونوں ہی ہیگڈے گاؤں کے رہائشی بتائے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں افراد بائک پر سوار ماہی گیری کے جال خریدنے کے لیے جا رہے تھے کہ پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار لاری نے بائک کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ایک شخص نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی کمٹہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کاروائی انجام دی۔