ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کا رمضان بازار: ہندو مسلم بھائی چارگی اور سماجی ہم آہنگی کی درخشاں مثال

بھٹکل کا رمضان بازار: ہندو مسلم بھائی چارگی اور سماجی ہم آہنگی کی درخشاں مثال

Thu, 27 Mar 2025 17:06:26    S O News
بھٹکل کا رمضان بازار: ہندو مسلم بھائی چارگی اور سماجی ہم آہنگی کی درخشاں مثال

بھٹکل، 27 مارچ (ایس او نیوز) رمضان المبارک کے اختتام میں صرف دو یا تین دن باقی رہ گئے ہیں، اور اسی کے ساتھ عید کی تیاریوں میں غیرمعمولی تیزی آگئی ہے۔ بھٹکل کے تاریخی رمضان بازار میں بھی ہر سال کی طرح امسال بھی خریداروں کا سیلاب امڈ آیا ہے، جہاں نہ صرف مسلمان عید کی خریداری میں مصروف نظر آتے ہیں بلکہ بڑی تعداد میں غیر مسلم بھی اس بازار کا حصہ بنتے ہیں، جو ہندو مسلم بھائی چارگی اور سماجی ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال ہے۔

بازار میں ہندو مسلم یکجہتی کی جھلک
اولڈ بس اسٹائنڈ سے مین روڈ کی طرف بڑھنے کے لیے پولیس نے بیریکیڈ لگا دیے ہیں، تاکہ سواریوں کی آمد و رفت محدود کی جا سکے۔ لوگ زیادہ تر پیدل چلنے کو ترجیح دیتے ہیں، کیونکہ یہی وہ راستہ ہے جہاں رمضان بازار کی رونق اپنے عروج پر پہنچ جاتی ہے۔ مین روڈ، ماری کٹہ، کار اسٹریٹ اور محمد علی روڈ سے چوک بازار تک عوام کا بے پناہ ہجوم دیکھا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رمضان بازار صرف مسلمانوں کے لیے مخصوص نہیں بلکہ یہاں بڑی تعداد میں غیر مسلم بھی خریداری کرتے نظر آتے ہیں۔ جہاں مسلمان اپنی عید کی ضروریات پوری کرتے ہیں، وہیں غیر مسلم حضرات بھی سستی اور معیاری اشیاء خریدنے کے لیے بڑی تعداد میں بازار میں موجود ہوتے ہیں۔ کئی غیر مسلم خریدار رمضان بازار کو پسند کرتے ہیں کیونکہ یہاں انہیں معیاری کپڑے، گھریلو سامان اور دیگر اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوتی ہیں۔

ہندو مسلم کاروباری تعلقات کی جھلک
یہ بازار نہ صرف خریداروں کی یکجہتی کا مظہر ہے بلکہ کاروباری حلقے میں بھی بھائی چارگی کی شاندار مثال پیش کرتا ہے۔ کئی غیر مسلم دکاندار بھی یہاں اپنی دکانیں لگاتے ہیں، اور مسلمان ان سے خریداری کرتے ہیں، جو باہمی تعاون اور احترام کا عملی نمونہ ہے۔

بازار میں خریداروں کے تاثرات
بازار میں موجود ایک غیر مسلم خریدار نے بتایا کہ وہ ہر سال یہاں آتے ہیں، کیونکہ یہاں کپڑوں اور دیگر سامان کی بڑی ورائٹی سستے داموں مل جاتی ہے۔ ایک اور خریدار نے کہا کہ "یہ بازار صرف خریداری کی جگہ نہیں، بلکہ یہاں بھائی چارے کی خوشبو محسوس ہوتی ہے۔"

رمضان بازار کی رونق اور سیکیورٹی کے انتظامات
اگرچہ مہنگائی میں اضافہ اور کاروباری مشکلات کے اثرات واضح ہیں، تاہم اس کے باوجود لوگ اپنی حیثیت کے مطابق اپنی پسند کے کپڑے، جوتے، بناوٹی زیورات اور دیگر سامان کی خریداری میں مصروف ہیں۔

رمضان کے آخری عشرے کے آغاز سے ہی بازار میں چہل پہل شروع ہو جاتی ہے، لیکن اب آخری ایام میں یہ رونق اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔

رات گئے تک بازار میں خریداروں کا ہجوم رہتا ہے، جس کے پیش نظر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

پاس پڑوس کے علاقوں سےبھی خریداروں کی آمد
بازار میں مرد حضرات کے مقابلے میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ دیکھی جا رہی ہے۔ بھٹکل کے ساتھ ساتھ پڑوسی علاقوں شیرور، بیندور، گنگولی، مرڈیشور، منکی، ولکی، ہوناور اور کمٹہ سے بھی بڑی تعداد میں لوگ رمضان بازار پہنچ رہے ہیں۔

بھٹکل کا رمضان بازار نہ صرف عید کی خریداری کا مرکز ہے، بلکہ یہ بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کی درخشاں مثال بھی ہے، جہاں ہر مذہب اور طبقے کے لوگ ایک ساتھ خریداری کرتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھٹکل کی گلیوں میں آج بھی اخوت، محبت اور رواداری کی روایت زندہ ہے۔


Share: