ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے معروف تاجر اور اربن بینک کے سابق چیئرمین محتشم محمد سائب منڈےانتقال کرگئے

بھٹکل کے معروف تاجر اور اربن بینک کے سابق چیئرمین محتشم محمد سائب منڈےانتقال کرگئے

Tue, 18 Mar 2025 10:47:55    S O News

بھٹکل، 18 مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل کے معروف تاجر اور اربن بینک کے سابق چیئرمین محتشم محمد سائب منڈے آج بروز منگل مینگلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں اچانک انتقال کرگئے۔ (انا للہ و انا الیہ راجعون)۔ ان کی عمر 77 سال تھی۔

mande-saib.jpg

گھر والوں نے بتایا کہ تقریباً پانچ روز قبل وہ پاؤں پھسل کر گر گئے تھے، جس کے بعد علاج کے لیے انہیں مینگلور کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا تھا۔ ان کی طبیعت بالکل مستحکم تھی، مگر آج صبح وہ اچانک خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات کی خبر سنتے ہی بھٹکل میں غم کی لہر دوڑ گئی، اور ان کے چاہنے والوں میں شدید صدمے کی کیفیت دیکھی گئی۔

جناب محمد سائب منڈے ایک دیندار، ملنسار اور فلاحی کاموں میں پیش پیش رہنے والی شخصیت تھے۔ ان کے قریبی ساتھی جناب محمد حسین کھروری نے بتایا کہ جب انہوں نے 1986 میں اربن کوآپریٹیو بینک میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت بینک کی حالت نہایت دگرگوں تھی۔ لیکن جب وہ چیئرمین منتخب ہوئے تو اپنی محنت اور قابلیت سے بینک کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔

ان کے دور میں بینک نے ترقی کی منازل طے کیں۔ ابتدا میں یہ محض ایک کوآپریٹیو سوسائٹی تھی، مگر انہوں نے ریزرو بینک سے اجازت حاصل کر کے اسے ایک مکمل بینک میں تبدیل کیا۔ بینک کے لیے ایک مستقل عمارت تعمیر کرائی، مختلف علاقوں میں اس کی شاخیں قائم کروائیں اور اسے مستحکم کیا۔

1980 اور 1990 کی دہائی میں جب جنتا پارٹی ایک مضبوط سیاسی طاقت بن کر ابھری، اور 1984 میں رام کرشنا ہیگڈے وزیر اعلیٰ منتخب ہوئے، تو محمد سائب منڈے کے ان سے گہرے تعلقات تھے۔ آر وی دیش پانڈے اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ان کے دوستانہ مراسم تھے۔

انہیں بھٹکل اسمبلی حلقہ کے لیے ٹکٹ کی پیشکش بھی کی گئی تھی، لیکن انہوں نے قومی سماجی ادارہ 'مجلس اصلاح و تنظیم' کی اجازت کے بغیر سیاست میں قدم رکھنے سے انکار کر دیا۔ وہ معروف سیاسی رہنما مرحوم حافظکا صاحب کے بھی قریبی ساتھیوں میں شامل تھے۔

محمد سائب منڈے بھٹکل کے معروف اسپتال 'شفا نرسنگ ہوم' کے بانی ڈائریکٹرز میں سے ایک تھے۔ وہ بھٹکل مرچنٹ ایسوسی ایشن اور نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی کے بھی سرگرم رکن رہے۔ انہوں نے غریبوں کی مدد کے لیے متعدد طبی کیمپس کا انعقاد کیا اور کئی فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے سکینڈ پی یو سی کے بعد میڈیکل فیلڈ میں قدم رکھا اور ایک سال کی تعلیم مکمل کی، لیکن بعد میں آٹو موبائل کے کاروبار میں داخل ہوئے۔ مختلف شہروں کا دورہ کر کے بھٹکل میں آٹو موبائل سروس اور ایجنسی حاصل کی، اور ایک کامیاب تاجر کے طور پر اپنی شناخت بنائی۔

بھٹکل نیشنل ہائی وے پر ان کا 'ہیرو بائیک' کا ایک بڑا شوروم بھی ہے اور ماری کٹہ مین روڈ پر ان کا بزنس کامپلیکس بھی ہے، آپ نے اپنے چاروں بیٹوں کو بھی اپنے ساتھ کاروبار میں لگایا جبکہ ان کے اہل خانہ میں دو بیٹیاں بھی شامل ہیں۔

ان کے اہل خانہ کے مطابق،دوپہر قریب ایک بجے میت مینگلور سے بھٹکل ان کی رہائش گاہ عثمان نگر پہنچی، تراویح کی نماز کے بعد نوائط کالونی تنظیم جمعہ مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور قریبی قبرستان میں ہی تدفین عمل میں آئے گی۔

محمد سائب منڈے کے انتقال پر بھٹکل کے کئی سماجی اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے حق میں مغفرت کی دعا کی۔

ریاستی وزیر اور اُترکنڑا ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اور ریاست کے سابق وزیر و ہلیال کے ایم ایل اے آر وی دیش پانڈے نے بھی ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

دیش پانڈے نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ''محمد سائب منڈے کے اچانک انتقال سے مجھے شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں غریب عوام کی خدمت کی اور کئی طبی کیمپس کا انعقاد کیا۔ ان کی سیاسی اور سماجی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔''

اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبر جمیل  دے۔


Share: