بھٹکل، 7 / اپریل (ایس او نیوز) رام نومی کے موقع پر منعقد ہونے والا بھٹکل کا مشہور رتھ اتسوا امن و امان کے ساتھ بحسن و خوبی اختتام پزیر ہوا ۔
پورے اتر کنڑا کا مشہور ترین اس رتھ اتسوا یا تیر ہبّا کے تعلق سے مذہبی تقریبات کا آغاز یوگادی کے دوران پرچم کشائی سے ہوا ۔ سنیچر کی رات میں پھولوں کا رتھ کھینچنے کے بعد اتوار کی شام کو بڑا رتھ چن پٹنا ہنومنتھا مندر کے احاطے سے بڑا رتھ کھینچا گیا اور حسب روایت پھول بازار، مین روڈ اور پھر کار اسٹریٹ سے ہوتے ہوئے واپس مندر کے احاطے تک پہنچایا گیا ۔ جس میں ہزاروں بھکتوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا، سابق رکن اسمبلی سنیل نائک، بینا وئیدیا کے علاوہ مندر انتظامیہ کمیٹی کے ذمہ داران اور اراکین، بلاک کانگریس صدر، بی جے پی لیڈران اور دیگر کئی ہندو لیڈران نے شرکت کی ۔
رتھ کو کھینچنے سے قبل مندر انتظامیہ نے حسب روایت مسلم چرکن خاندان، جین خاندان اور پربھو خاندان کو ان کے گھروں تک پہنچ کر اس تقریب میں شرکت کے لئے دعوت دی ۔
رتھ اتسوا کے موقع پر کاروار سے ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی اور بھٹکل ڈی وائی ایس مہیش ایم کے کی نگرانی میں منگلورو ڈی وائی ایس بیلیپّا اور مختلف مقامات سے آئے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں نے سخت حفاظتی بندوبست کر رکھا تھا ۔