بھٹکل 8/اکتوبر (ایس او نیوز) : بھٹکل تعلقہ کے کوٹیشور ہریجن کیری علاقے میں ایک نوجوان لاپتہ ہوگیاہے، جس کے تعلق سے کمٹہ کے ایک میونسپالٹی افسر پر الزام ہے کہ اس نے کام کے دوران اسے ذہنی اذیت دی تھی۔

لاپتہ نوجوان کی شناخت وینکٹیش رمیش ہریجن (عمر 25 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو کمٹہ میونسپالٹی میں روینو انسپکٹر کے بطور ملازم تھا۔
نوجوان کی والدہ آشا رمیش ہریجن (عمر 43 سال) نے بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج شکایت میں بتایا کہ ان کے بیٹے کو کمٹہ میونسپالٹی کے چیف افسر کی جانب سے کام کے معاملات میں مسلسل ذہنی اذیت دی جا رہی تھی، جس کے باعث وہ ذہنی دباؤ میں آ گیا اور آدھی رات کو بغیر کسی کو بتائے گھر سے نکل گیا اور اب تک واپس نہیں لوٹا۔
رپورٹ کے مطابق، لاپتہ ہونے سے پہلے وینکٹیش نے میونسپالٹی کے افسر کے خلاف ایک خط لکھا تھا، جس سے معاملہ مزید سنگین رخ اختیار کر گیا ہے۔
بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور نوجوان کی تلاش جاری ہے۔
کمٹہ میونسپل چیف آفیسر کے خلاف شدید غم و غصہ؛ فوری تبادلہ کا مطالبہ ؛ معاملہ سنگین

کمٹہ میونسپالٹی کے ریونیو انسپکٹر کی گمشدگی کے بعد کمٹہ میونسپالٹی کے چیف آفیسر ایم۔ آر۔ سوامی کے خلاف عوام اور سرکاری ملازمین میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔
گمشدگی سے قبل وینکٹیش ۔نے جو خط چھوڑا ہے اس میں الزام لگایا گیا ہے کہ چیف آفیسر ایم۔ آر۔ سوامی ایک مخصوص عمارت کی "بی کھاتہ" سے "اے کھاتہ" میں تبدیلی کے لیے ان پر دباؤ ڈال رہے تھے۔ اس کے علاوہ چار لاکھ روپے رشوت کا مطالبہ، توہین آمیز الفاظ کا استعمال، ذہنی اذیت، اور ذات پات کی بنیاد پر گالی گلوچ کا بھی ذکر کیا ہے۔
وینکٹیش نے یہ بھی لکھا ہے کہ چیف آفیسر اکثر دباؤ ڈالنے کے لیے یہ کہہ کر انہیں سب کے سامنے شرمندہ کرتے کہ “یہ ایم ایل اے دنکر شیٹی کا حکم ہے”، حالانکہ ان کے بیانات بے بنیاد ہوتے۔ وینکٹیش نے یہ خط اپنے دفتری اسٹاف کے واٹس ایپ گروپ میں بھیجا تھا اور اس کے فوراً بعد لاپتہ ہوگیا تھا۔
دوسری جانب، کمٹہ میونسپالٹی کے عملے نے چیف آفیسر کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے میونسپالٹی صدر کو میمورنڈم پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ چیف آفیسر کا فوراً تبادلہ کیا جائے۔
سرکاری ملازمین اور عوامی حلقوں نے اس بات پر افسوس اور ناراضی ظاہر کی ہے کہ ایک اعلیٰ عہدے پر فائز افسر اپنے ماتحت اہلکاروں کے ساتھ اس قدر توہین آمیز سلوک کرے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ ذہنی اذیت دینے والے افسر کے خلاف حکومت کیا کارروائی کرتی ہے۔C