ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور میں پیش آئے سڑک حادثے میں بھٹکل کا نوجوان جاں بحق؛ ایک زخمی

مینگلور میں پیش آئے سڑک حادثے میں بھٹکل کا نوجوان جاں بحق؛ ایک زخمی

Tue, 10 Feb 2026 13:33:24    S O News
مینگلور میں پیش آئے سڑک حادثے میں بھٹکل کا نوجوان جاں بحق؛ ایک زخمی

بھٹکل، 10 فروری (ایس او نیوز): مینگلور میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں بھٹکل کا ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی شناخت بھٹکل آزاد نگر (ہائٹس) کے رہائشی اِفہام ابن سمیر شابندری (18) کے طور پر کی گئی ہے۔

مرحوم کے قریبی رشتہ دار فہد شابندری نے بتایا کہ پانچ ہم عمر دوست تفریح کی غرض سے بھٹکل سے کیرالہ جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ مینگلور شہر میں داخلے کے دوران ان کی کار بے قابو ہو کر کُولور بریج سے ٹکرا گئی۔ حادثہ پیر اور منگل کی درمیانی رات قریب ڈیڑھ بجے پیش آیا۔ 

ٹکر کے نتیجے میں اِفہام کار سے باہر جا گرا اور شدید اندرونی چوٹیں لگنے کے باعث اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثے میں ایک اور نوجوان محمد ملپا (20) زخمی ہوا ہے، جس کے پیر میں فریکچر آیا ہے اور اسے مینگلور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ دیگر تمام دوست محفوظ ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اِفہام مدرسہ سے فراغت کے بعد میٹرک امتحان کی تیاری کر رہا تھا۔ 

مینگلور میں پوسٹ مارٹم کے بعد میت بھٹکل لائی جا رہی ہے، جہاں بعد نمازِعشاء جامع مسجد میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی اور بعد ازاں قریبی قبرستان میں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔

Click here for report in English


Share: