بھٹکل، 17؍ دسمبر (ایس او نیوز): کریاشیل گیلیرا سنگھا، بھٹکل کے زیر اہتمام اور بھٹکل کی مختلف سماجی تنظیموں کے تعاون سے بھٹکل اُتسوا 2025 کا انعقاد 25 سے 28 دسمبر تک کیا جا رہا ہے۔ یہ چار روزہ عوامی و ثقافتی میلہ وینکٹاپور آئس فیکٹری کے قریب، قومی شاہراہ کے کنارے واقع قاضیا میدان میں منعقد ہوگا، جس میں مقامی فنکاروں کے ساتھ ساتھ ریاست کے نامور فنکار بھی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس بات کی جانکاری سنگھا کے صدر رمیش کھاروی نے دی۔
بدھ کو منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش کھاروی نے کہا کہ پڑوسی تعلقوں میں اس نوعیت کے بڑے تہوار باقاعدگی سے منعقد کیے جا رہے ہیں، تاہم بھٹکل میں اب تک ایسا کوئی ہمہ گیر عوامی اور ثقافتی تہوار منعقد نہیں ہوا تھا۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کریاشیل گیلیرا سنگھا نے بھٹکل کی مختلف سماجی تنظیموں اور سماجی کارکنوں کو ساتھ لے کر بھٹکل اُتسو کے انعقاد کا فیصلہ کیا، جو سماجی ہم آہنگی، اتحاد اور بھائی چارے کی ایک مضبوط علامت ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکل اُتسو کو ہندو، مسلم اور عیسائی سمیت مختلف برادریوں کے قائدین، سماجی و رضاکار تنظیموں اور سرکاری محکموں کے افسران کی مکمل تائید حاصل ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کے انچارج وزیر منکال ویدیا نے بھی اس پروگرام کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا ہے۔
پروگرام کے کنوینر شری کانت نائک نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹکل اُتسو کا آغاز 25 دسمبر سے ہوگا اور یہ چار دن تک جاری رہے گا۔ میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 11 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔
اُتسو کے دوران زراعت اور نامیاتی سبزیوں کا میلہ، مختلف اقسام کے فوڈ میلے، ساڑی اور ملبوسات کی نمائش، مچھلی میلہ، سودیشی مصنوعات میلہ، آئس کریم میلہ، کٹھل (جیک فروٹ) میلہ اور گھریلو صنعتوں کی مصنوعات کی نمائش منعقد کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے معلوماتی مراکز اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں سے متعلق معلوماتی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔

عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے والی بال پر مشتمل کھیل میلہ اور بچوں کے لیے ایک خصوصی امیوزمنٹ پارک بھی اُتسو کا حصہ ہوگا، جو خاندانوں اور نوجوانوں کے لیے خاص کشش کا باعث ہوگا۔
شری کانت نائک کے مطابق، اُتسو کے دوران ہر روز شام کے وقت ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ 25 دسمبر کو شام 6:30 بجے ضلع اُتر کنڑا کے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال ویدیا بھٹکل اُتسو کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جبکہ اختتامی تقریب میں اُتر کنڑا کے رکنِ پارلیمنٹ وشویشور ہیگڑے کاگیری کی شرکت متوقع ہے۔
افتتاحی دن شام 7 بجے سے مقامی موسیقی گروپ جھنکار میلوڈیز کی جانب سے آرکسٹرا اور رقص پر مشتمل میوزیکل نائٹ پیش کی جائے گی، جس میں ریاستی سطح کے معروف فنکار بھی شرکت کریں گے۔ مقامی فنکاروں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے جھنکار میلوڈیز اور فرینڈس گروپ کو دو دن کے ثقافتی پروگراموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ریاستی سطح کے ٹی وی ریئلٹی شوز میں حصہ لینے والے فنکاروں کی گائیکی، رقص اور موسیقی کے پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔
اس موقع پر بھٹکل اُتسو کمیٹی کے اعزازی مشیر وینکٹیش نائک اور نذیر قاسمجی، میلہ کوآرڈینیٹر شری دھر مرونتے، کریاشیل گیلیرا سنگھا کے اعزازی صدر دیپک نائک، منموہن نائک، سنگھا کے سکریٹری ارون نائک، پانڈورنگ نائک، دنیش نائک، وینکٹیش موگیر، ونایک نائک، اشوک نائک سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
آخر میں سنگھا کے ذمہ داران نے بھٹکل اور اطراف کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں شرکت کر کے بھٹکل اُتسو 2025 کو کامیاب بنائیں۔