ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں پہلی بار18، 19 اور 20 جولائی کو ہورہا ہے، جیک فروٹ کا شاندار میلہ؛ عوام کی کثیر تعداد متوقع

بھٹکل میں پہلی بار18، 19 اور 20 جولائی کو ہورہا ہے، جیک فروٹ کا شاندار میلہ؛ عوام کی کثیر تعداد متوقع

Wed, 16 Jul 2025 18:56:12    S O News
بھٹکل میں پہلی بار18، 19 اور 20 جولائی کو ہورہا ہے، جیک فروٹ کا شاندار   میلہ؛ عوام  کی کثیر تعداد متوقع

بھٹکل 16 جولائی (ایس او نیوز) : بھٹکل میں پہلی بار جیک فروٹ اور پھلوں کی مصنوعات پر مشتمل  شاندار  میلہ 18، 19 اور 20 جولائی کو  منعقد ہونے جا رہا ہے جس میں مقامی اور بیرونی اقسام کے مختلف اور ایک سے  بڑھ کر ایک لذیذ جیک فروٹس (فنس)  دستیاب ہوں گے۔ فنس کے ساتھ ساتھ میلہ میں فنس سے  بنائے جانے والی  مختلف اقسام کی صحت بخش اور ذائقہ دار مصنوعات بھی دستیاب ہوں گی۔ 

میلہ موڈ بھٹکل بائی پاس کے قریب ماروتی نگر، منکولی نیشنل ہائی وے  کنارے واقع   شری راگھویندرا مٹھ  ہال میں منعقد ہوگا جس  کا اہتمام اسپندنا چیری ٹیبل ٹرسٹ اور رنجن انڈین گیس ایجنسی کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

میلہ کے تعلق سے معلومات فراہم کرتے ہوئے  منتظم گنیش شیٹی نے بتایا کہ اس میلہ میں مقامی اور بیرونی اقسام کے جیک فروٹ، جیسے چندرا اور انڈونیشین اقسام کے پھل پیش کیے جائیں گے، ساتھ ہی جیک فروٹ سے بنی ہوئی غذائی اشیا بھی  پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ "یہ میلہ صرف پھلوں کی نمائش نہیں بلکہ جیک فروٹ کی غذائیت، ذائقہ اور افادیت کا جشن بھی ہوگا۔" آگے بتایا کہ میلہ میں تقریباً 70 اسٹالس لگائے جائیں گے جن میں جیک فروٹ آئس کریم، ہولیگے (میٹھی روٹی)، پاپڑ، چپس، جوس اور دیگر مصنوعات شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، آیورویدک اور گھریلو ساختہ اشیاء اور پھل و پھولوں کے پودے بھی فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔

گنیش شیٹی نے  بتایا کہ جیک فروٹ نہ صرف لذیذ پھل ہے بلکہ غذائیت سے بھرپور بھی ہے، اور ساحلی و ملناڈ علاقوں میں اس کی کاشت بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے۔ اس میلہ کا مقصد کسانوں کی حوصلہ افزائی، جیک فروٹ پر مبنی مصنوعات کو فروغ دینا، اور عوام کو اس کی افادیت سے روشناس کروانا  بھی ہے۔

رنجن انڈین گیس ایجنسی کی مالک شیوانی شانتارام نے بتایا کہ   حال ہی میں برہماور، اڈپی میں ایک ایسا ہی جیک فروٹ میلہ منعقد ہوا تھا، جہاں عوام کی طرف  سے زبردست پذیرائی  حاصل ہوئی تھی۔ بھٹکل کے عوام کی مانگ کو  دیکھتے ہوئے  اب ہم نے  یہاں بھی اس میلہ کا انعقاد کیا ہے، اور لوگوں سے ہماری  گزارش ہے کہ وہ اس میلہ میں اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کے ساتھ کثیر تعداد میں  شرکت کریں اور اس میلہ کو کامیاب بنائیں۔" 

For report in English, Click here


Share: