بھٹکل 2/ جنوری (ایس او نیوز) مرڈیشور ساحل پر ایک نوجوان بحرِ عرب میں اترنے کے بعد جب سمندری لہروں کی زد میں آکر پھنس گیا تو موقع پر موجود اوشین ایڈونچر کے عملے کی بروقت اور مستعد کارروائی کے باعث نوجوان کی جان بچا لی گئی۔
اطلاعات کے مطابق بیلگاوی کا رہائشی پرساد نامی نوجوان جمعہ کے روز مرڈیشور آیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ ساحلی سمندر پر اکیلا ہی گھوم رہا تھا۔ پھر سمندر کی دیدہ زیب لہروں کو دیکھتے ہوئے اور اس کی شدت سے لاعلم پانی میں اتر گیا۔ پتہ چلا ہے کہ اسے تیراکی بھی نہیں آتی تھی، اس کے باوجود وہ گہرے پانی کی طرف بڑھتا چلا گیا۔
اسی دوران ایک زور دار لہر نے نوجوان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث وہ کافی آگے سمندر میں پھنس گیا اور باہر نکلنے سے قاصر ہو گیا۔ ڈوبتے ہوئے نوجوان کو دیکھ کر وہاں ساحلی کنارے پر موجود اوشین ایڈونچر کے عملے نے فوراً صورتحال کا اندازہ لگایا۔ عملے کے رکن وگنیشور ہریکانتھ واٹر بائیک کے ذریعے سمندر میں داخل ہوا اور لائف گارڈ اہلکار راجیش ہریکانتھ کی مدد سے نوجوان کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
کافی مقدار میں پانی پیٹ کے اندر جانے کے باعث نوجوان کی حالت کمزور ہو گئی تھی، تاہم اسے محفوظ مقام پر لا کر فوری طور پر ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ واقعے کی اطلاع مرڈیشور پولیس کو دی گئی، جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور نوجوان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے مستقبل میں ایسے خطرناک اقدامات سے باز رہنے کی ہدایت دے کر روانہ کر دیا۔