بھٹکل 31 / اکتوبر (ایس او نیوز) سفید بورڈ کی کار کو منگلورو، گوا اور دیگر شہروں کی طرف جانے کے لئے ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنے کے خلاف بھٹکل کی ٹیکسی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کی یونین کی جانب سے کارروائی کی گئی ۔
شہر کے سرپن کٹے علاقے میں ایسی ہی ایک کار کو سڑک پر روک کر اس کے خلاف احتجاج کیا گیا اوراس کے بعد گاڑی کو پولیس کے حوالے کیا گیا ۔
سفید بورڈ والی کار کو روکنے والے ' ٹیکسی یونین' کے اراکین کا کہنا تھا کہ اس طرح سفید بورڈ والی کاروں کو کرایے پر لے جانے کے لئے استعمال کرنے سے کرایے پر دینے کے لئے بنی ایلو بورڈ گاڑی والوں کا نقصان ہو رہا ہے کیونکہ اس سے انہیں گاہک نہیں ملتے ہیں اور اس کے باوجود انہیں ہر تین مہینے میں ایک مرتبہ ہزاروں روپے ٹیکس بھرنا ہوتا ہے ۔
یونین کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ ٹیکسی چلا کر ہی اپنی روزی روٹی کمانے والوں کے لئے اس سے بڑی دشواری ہوتی ہے ، جبکہ سفید بورڈ والی پرائیویٹ گاڑی کے مالکوں کو اس طرح کے ٹیکس بھرنے کا بوجھ نہیں رہتا ۔ بھٹکل میں بہت ساری پرائیویٹ گاڑیوں کو ٹیکسی کے طور پر کرایے پر دیا جا رہا ہے ، جو کہ غیر قانونی ہونے کے علاوہ ایسی گاڑیوں میں سفر کرنے والوں کو انشورنس کی بھی سہولت نہیں رہتی ہے اور یہ بات مسافروں کے علم میں بھی نہیں لائی جاتی ۔
احتجاجیوں نے آر ٹی او اور پولیس محکمے سے اپیل کی کہ وہ اس پر فوری توجہ دیتے ہوئے اس دھندے پر روک لگائیں ورنہ یونین کے اراکین خود ہی ایسی گاڑیوں کا راستہ روکنے کی کارروائی شروع کریں گے ۔ ایسی صورت میں مسافروں کو جو دشواری اور مشکل پیش آئے گی اس کے لئے وہی زمہ دار ہوں گے۔