بھٹکل 29؍ ستمبر (ایس او نیوز) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے سیاسی پینل کے زیر اہتمام پیر کو حسبِ اعلان "میونسپل ایڈمنسٹریشن اور لوکل گورننس" کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرین اور سماجی شخصیات نے عوامی بیداری، نوجوانوں کی شمولیت اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داریوں پر زور دیا۔ ورکشاپ میں بھٹکل کے مختلف محلوں کے سرکردہ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقوں سے آئے نوجوان، مرد و خواتین کونسلرز، پنچایت اراکین اور سماجی کارکن بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
بینگلورو کے چامراج نگر سٹی میونسپل کونسلر ابرار احمد، جنہیں میونسپل ایڈمنسٹریشن اور لوکل گورننس کے تعلق سے معلومات فراہم کرنے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا، نے کونسلرز اور پنچایت اراکین کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ایڈمنسٹریشن کے فرائض پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کرناٹک کے بلدیاتی قوانین کے ذریعے میونسپل نظام کو مستحکم کیا گیا ہے۔ مزید کہا کہ آنے والی مردم شماری کے بعد کئی گرام پنچایتیں اور میونسپل کونسلیں ترقی یافتہ درجے پر پہنچیں گی، اس لئے عوام کو مقامی انتخابات اور بلدیاتی ذمہ داریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے تاکہ بہتر گورننس ممکن ہوسکے۔
کنڑا زبان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ بھٹکل کے نوجوانوں کو اس زبان کو سیکھنے میں دلچسپی لینی چاہئے تاکہ وہ میونسپل اور پنچایت کے امور میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ عوامی نمائندوں کو نصیحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک مرد کونسلر محلے کے تمام لوگوں کے لئے باپ کی طرح ہونا چاہئے، اور ایک خاتون کونسلر ماں کی طرح۔ اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کو اپنے گھریلو مسائل سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔
تنظیم سیاسی پینل کے کنوینر اور جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ سید عمران لنکا نے میونسپل کونسل کی زمینوں کے استعمال، مکانوں کے نقشے پاس کرانے کے قوانین اور اتی کرم داروں کو درپیش مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔
ورکشاپ کے دوران نوجوانوں اور سماجی کارکنوں کے ساتھ ایک انٹریکٹو سیشن بھی ہوا، جس میں شہری سہولیات کی بہتری، نمائندوں کی جوابدہی اور نوجوانوں کی سماجی و سیاسی سرگرمیوں میں شمولیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب کا آغاز مولوی محمد حسین جوکاکو کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرّقیب ایم جے ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے جبکہ اجلاس کی صدارت تنظیم کے صدر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے کی۔
اس موقع پر بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی، تنظیم کے ایڈمن سیکریٹری جیلانی شاہ بندری، فنانس سکریٹری مولوی عزیز الرحمن رکن الدین ندوی سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔