ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 12 اپریل کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ نئے ممبران کے لیے 6 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر

12 اپریل کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ نئے ممبران کے لیے 6 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر

Wed, 03 Dec 2025 23:04:56    S O News
12 اپریل کو ہوں گے بھٹکل تنظیم کے انتخابات؛ نئے ممبران کے لیے 6 دسمبر ڈیڈ لائن مقرر

بھٹکل 3 دسمبر (ایس او نیوز):قومی سماجی ادارہ مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل کے تین سالہ میعاد کے عام انتخابات 12 اپریل 2026 کو منعقد ہوں گے۔ تاہم ووٹنگ کا حق صرف اُن ممبران کو حاصل ہوگا جن کی رکنیت مکمل ہو اور جن پر کوئی بقایا نہ ہو۔ دستور کے مطابق اگر کسی ممبر کے بقایا جات باقی ہوں تو انہیں انتخابات سے تین ماہ قبل، یعنی 12 جنوری 2026 تک ادا کرنا ضروری ہے، بصورتِ دیگر وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اس بات کی تفصیلات تنظیم کے جنرل سکریٹری مولوی عبدالرقیب ایم جے ندوی نے فراہم کیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ نئے ممبران کی صورت میں ووٹنگ کا حق صرف اُن افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے 6 دسمبر کی شب 12 بجے سے پہلے رکنیت کے لیے درخواست دی ہو اور جن کی ممبرشپ 12 دسمبر کو ہونے والی مجلسِ انتظامیہ کی میٹنگ میں منظور کی جائے۔ دستور کی شق نمبر 2 کے مطابق رکنیت کا انحصار مجلسِ انتظامیہ کی منظوری پر ہے۔ اگر کوئی شخص 6 دسمبر کے بعد درخواست دے اور بعد میں منظور بھی ہو جائے، تب بھی وہ اس بار 12 اپریل کے انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال نہیں کرسکے گا۔

عبدالرقیب ندوی نے مزید بتایا کہ نئی رکنیت حاصل کرنے والے افراد الیکشن میں بطورامیدوار کھڑے ہونے کے لیے ایک سال کی مدت مکمل کرنے کے پابند ہوں گے، البتہ انہیں ووٹ دینے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے 25 نومبر کی مجلسِ انتظامیہ میں لیے گئے اہم فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار انتخابات میں حلقہ وار طریقے سے 45 اراکین منتخب کیے جائیں گے، جب کہ اس سے قبل 35 ممبران منتخب کیے جاتے تھے۔
انتخابی عمل کچھ اس طرح ہوگا:

  • پہلے تحلیل شدہ انتظامیہ میں سے 10 اراکین منتخب کیے جائیں گے،

  • پھر بھٹکل سے حلقہ وار 45 اراکین کا انتخاب ہوگا،

  • اس کے بعد نئی انتظامیہ مزید 10 اراکین نامزد کرے گی،

  • اور آخر میں منتخب صدر کو 3 ممبران شامل کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جو افراد دو مسلسل ٹرم تحلیل شدہ انتظامیہ سے منتخب ہوچکے ہوں، انہیں اس بار تیسرے ٹرم کے لیے اسی فہرست میں شامل نہیں کیا جائے گا، بلکہ انہیں عام انتخابات میں حصہ لینا ہوگا۔

آخر میں عبدالرقیب ندوی نے بھٹکل کے عوام سے اپیل کی کہ وہ قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو تنظیم کا رکن بنائیں اور اچھے امیدواروں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کا بھرپور استعمال کریں۔

Click here for report in Urdu


Share: