
بھٹکل، 3 مئی (ایس او نیوز): تعلیمی سال 2024-25 کے ایس ایس ایل سی (سیکنڈری اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ) امتحانات کے نتائج جمعہ کو جاری کیے گئے، جن میں بھٹکل تعلقہ کے آٹھ اسکولوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100 فیصد کامیابی حاصل کی۔ ان میں علی پبلک گرلز ہائی اسکول بھی شامل ہے۔ تعلقہ کی مجموعی کامیابی کا تناسب 88.75 فیصد درج کیا گیا۔
اس سال امتحانات میں کل 2,018 طلبہ شریک ہوئے، جن میں 906 لڑکے اور 1,112 لڑکیاں شامل تھیں۔ ان میں سے 1,790 طلبہ کامیاب قرار پائے ، جن میں 755 لڑکے اور 1,035 لڑکیاں شامل ہیں۔ خاص بات یہ رہی کہ لڑکیوں نے لڑکوں سے بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے 93.08 فیصد کامیابی حاصل کی، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا تناسب 83.33 فیصد رہا۔
تعلقہ کے جن آٹھ اسکولوں نے 100 فیصد کامیابی حاصل کی ان میں:سرکاری ہائی اسکول گورٹے، سرکاری ہائی اسکول جالی، ،کرناٹکا پبلک اسکول بیلور، مُرارجی دیسائی رہائشی اسکول مرڈیشور، کتّور رانی چنمّا رہائشی اسکول پُرورگا، سری ولی ہائی اسکول چتراپور، علی پبلک گرلز انگلش میڈیم ہائی اسکول اور ودیا بھارتی انگلش میڈیم ہائی اسکول بھٹکل شامل ہیں۔
تعلقہ میں مُرارجی دیسائی رہائشی ہائی اسکول مرڈیشور کے منوہر منجوناتھ نائک نے سب سے زیادہ 625 میں 622 مارکس حاصل کرکے شاندار کامیابی درج کی، اس کی کامیابی کا اوسط (99.52 فیصد) رہا۔ دوسرے مقام پر بینا ویدیا اسکول مرڈیشور کی طالبہ امریتا اشوک نائک رہیں جنہوں نے 621 نشانات (99.36 فیصد) حاصل کیے۔انند آشرم کانوینٹ کی سمرا مہرین جی ایم اور بینا ویدیا اسکول کے ابھئے این رانی منے نے 620 مارکس (99.20 فیصد) حاصل کرتے ہوئے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بیلکے گورنمنٹ ہائی اسکول کی تیجسونی ہیریا نائک (619 مارکس ، 99.04 فیصد)، انند آشرم کانونٹ کے وکاس واسو موگیر (618 مارکس، 98.88 فیصد)، کِتّور رانی چنما رہائشی اسکول کی تنوجا نرسمہا نائک (618 مارکس ، 98.88 فیصد)، کرناٹکا پبلک اسکول کی آشیتا منجیا نائک (618 مارکس ، 98.88 فیصد) حاصل کئے، 617 مارکس (یعنی98.72 فیصد) حاصل کرنے والے تین اسٹوڈینٹس رہے: کوشِک دتّا دیواڑیگا (شری درگاپرمیشوری ہائی اسکول، الوےکوڈی)، سنیہا مادیو نائک اور میگھا گڈا نائک (دونوں کرناٹکا پبلک اسکول، بائلور)۔ ان سبھی اسٹوڈینٹس کی کامیابی بھی قابل رشک رہی۔
مسلم مینجمنٹ اسکولوں میں، جیسا کہ علی پبلک گرلز ہائی اسکول نے پورے بھٹکل تعلقہ میں 100 فیصد کامیابی حاصل کی، وہیں اس اسکول کی حفصہ شیخ نے مسلم انتظامیہ کے تحت چلنے والے اسکولوں میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طالبہ نے 625 میں سے 613 نمبر حاصل کیے ہیں اور ان کا اوسط 98.08 فیصد درج کیا گیا ہے۔
اُردو میڈیم کے ٹاپرس:
تعلقہ سطح پر اردو میڈیم میں سرکاری اردو ہائی اسکول جامعہ جالی، ہیبلے کی اظفرین بشریٰ نے 571 مارکس (91.36 فیصد) حاصل کر کے اُردو میڈیم میں پہلا مقام حاصل کیا۔ اسی اسکول کی سہانا شیخ 565 مارکس (90.4 فیصد) کے ساتھ دوسرے مقام پر رہیں، جبکہ سرکاری اردو ہائی اسکول نوائط کالونی کے قلندر سلیم نے 564 مارکس (90.24 فیصد) کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔