بھٹکل ،8/ نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے تعلقہ آڈلتا سودھا میں واقع سب رجسٹرار کے دفتر پر منگلورو لوک آیوکتہ پولیس کی ٹیم نے بدھ کے دن چھاپہ مارا اور دیر شام تک تلاشی اور جانچ کی کارروائی جاری رہی ۔
بتایا جاتا ہے کہ لوک آیوکتہ پولیس انسپکٹر بھارتی کی قیادت میں چار نفری ٹیم نے چھاپہ ماری کی تھی جس کے دوران زمینوں کے رجسٹریشن کے تعلق سے کمپیوٹر میں موجود دستاویزات کی جانچ کی اور اہم معلومات اکٹھا کی گئیں ۔ البتہ انسپکٹر بھارتی نے اس ضمن میں کسی بھی قسم کی معلومات شیئر کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ چھاپہ ماری کے تعلق سے لوک آیوکتہ ایس پی ہی تفصیلات بتا سکتے ہیں ۔
معلوم ہوا ہے کہ لوک آیوکتہ کی طرف سے اچانک مارے گئے چھاپے کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے سب رجسٹرار دفتر کے افسران کے اندر کھلبلی مچ گئی ۔ لوک آیوکتہ پولیس ٹیم نے عبوری سب رجسٹرار فاروق کیلی سمیت دفتر کے تمام اہلکاروں کے موبائل فون اپنی تحویل میں لیے اور فون پے سمیت دیگر آن لائن ذرائع سے رقم کی ادائیگی کے تعلق سے جانچ پڑتال کی ۔
چھاپہ ماری کے دوران لوک آیوکتہ پولیس نے رجسٹرار آفس میں ہونے والی بدعنوانیوں کے تعلق سے اعلیٰ افسران کو خبر دینے کی عوام کو ترغیب دینے والا بورڈ دفتر کے اندر رکھے جانے پر اعتراض جتایا اور اسے عوام کی نظروں میں آنے جیسے مقام پر دفتر کے باہر نصب کرنے کی تاکید کی ۔