ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: ایس آئی آر کا عمل جاری؛ 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ فہرست کی میپنگ لازمی، تنظیم اور فیڈریشن متحرک

بھٹکل: ایس آئی آر کا عمل جاری؛ 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ فہرست کی میپنگ لازمی، تنظیم اور فیڈریشن متحرک

Wed, 11 Feb 2026 18:54:24    S O News
بھٹکل: ایس آئی آر کا عمل جاری؛ 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ فہرست کی میپنگ لازمی، تنظیم اور فیڈریشن متحرک

بھٹکل، 11 فروری (ایس او نیوز): مرکزی الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ریاست بھر میں 2025-26 کی ووٹر لسٹ کو غلطیوں سے پاک رکھنے کے مقصد سے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے۔ اس کے تحت سال 2002 کی ووٹر لسٹ کے ساتھ موجودہ ووٹر فہرست میں درج ناموں کی میپنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ بھٹکل میں اس سلسلے میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے ساتھ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن بھی متحرک ہے اور عوام کو ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

میپنگ کیا ہے؟
الیکشن کمیشن وقتاً فوقتاً ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کرتا رہتا ہے، تاہم اس مرتبہ خصوصی مہم کے تحت سال 2002 کی ووٹر لسٹ کو بنیاد بنا کر اُس میں درج ووٹرس کی تفصیلات کا موجودہ ووٹر لسٹ سے تقابل (میپنگ) کیا جا رہا ہے۔ سال 2002 میں بڑے پیمانے پر سروے کے بعد نئی ووٹر فہرست تیار کی گئی تھی۔ بعد کے برسوں میں متعدد تبدیلیاں ہوئیں، لیکن بنیادی معلومات کے ربط اور جانچ کے لیے اسی پرانے ڈیٹا کو استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس کا مقصد کیا ہے؟
اس عمل کا مقصد ایک ہی شخص کا نام مختلف فہرستوں میں درج ہونے کی نشاندہی کرنا، فوت شدہ افراد کے نام حذف کرنا اور دیگر مقامات پر منتقل ہونے والے ووٹرس کے پتے کی درستگی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ ووٹر لسٹ میں موجود خامیوں کو دور کیا جا سکے۔

عوام کی ذمہ داری
اگرچہ پولنگ بوتھ افسران (بی ایل اوز) گھروں تک پہنچ کر معلومات جمع کر رہے ہیں، تاہم ذمہ داران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افسران کا انتظار کرنے کے بجائے خود اپنے متعلقہ پولنگ بوتھ پر جا کر ضروری معلومات فراہم کریں۔

کن معلومات کی ضرورت ہے؟
سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں جن افراد کا نام درج ہے، وہ اُس فہرست کا پارٹ نمبر اور سیریل نمبر بی ایل او (یعنی بوتھ لیول آفسرس) کو فراہم کریں۔ بزرگ افراد اپنے ساتھ اپنے بچوں اور دیگر اہلِ خانہ کی تفصیلات بھی فراہم کر سکتے ہیں، جس سے پورے خاندان کی میپنگ میں سہولت ہوگی اور آئندہ نئے ووٹرس کے اندراج میں بھی آسانی رہے گی۔

آن لائن سہولت دستیاب
جن افراد کو سال 2002 کی ووٹر لسٹ میں درج اپنی تفصیلات یاد نہیں یا پرانا ووٹر شناختی کارڈ موجود نہیں ہے، اُن کی سہولت کے لیے کرناٹکا چیف الیکشن کمیشن نے آن لائن سروس فراہم کی ہے۔ عوام درج ذیل پورٹل کے ذریعے اپنی پرانی تفصیلات حاصل کر سکتے ہیں:
https://ceo.karnataka.gov.in/363/electoral-roll--2002/en

بھٹکل میں تنظیم اور فیڈریشن کی سرگرمیاں
2002 کی ووٹر لسٹ کی جانچ اور میپنگ کے عمل میں تعاون کے لیے مجلس اصلاح و تنظیم کے دفتر میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن بھی عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے کے مطابق پرانے محلوں، خصوصاً نشیبی علاقوں کے لوگ صدیق اسٹریٹ میں واقع تنظیم دفتر سے رجوع کر رہے ہیں۔ نیو بھٹکل  یعنی  فراز والے علاقوں کے عوام  کی سہولت کے لیے آئندہ چند دنوں میں مختلف مقامات پر  اسپورٹس سینٹروں  کے تعاون سے  میپنگ میں تعاون کے لئے سینٹرس قائم کرنے کی تیاری جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم کی سرپرستی میں  بھٹکل کے 12 سے 14 مقامات پر رہنمائی مراکز قائم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مزید معلومات کے لیے تنظیم کے اسٹاف سے موبائل نمبر 9535322663 پر اور فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر ہلارے سے موبائل نمبر 9972818849 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Click here for report in English


Share: