بھٹکل 12/ڈسمبر (ایس او نیوز): الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق ووٹر لسٹ کی خصوصی تفصیلی نظرثانی (Special Intensive Revision)، یعنی SIR کا عمل بہت جلد شروع ہونے والا ہے۔ ابتدائی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر عہدیداروں نے ان ووٹروں کی میپنگ (Mapping) شروع کر دی ہے جن کے نام 2002 کی انتخابی فہرست میں درج تھے اور اب بھی 2025 کی ووٹر لسٹ میں شامل ہیں، خصوصاً وہ جن کی عمر 40 سال یا اس سے زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ، انتظامیہ پروجنی میپنگ (Progeny Mapping) بھی انجام دے رہی ہے، جس کے تحت 40 سال سے کم عمر کے بیٹے، بیٹیاں، پوتے اور پوتیوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولشیٹی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے عوام کو مطلع کیا ہے کہ جن ووٹروں کے نام 2002 کی انتخابی فہرست میں موجود تھے، وہ اپنی اسمبلی حلقہ کا نام، حصہ نمبر (Part Number) اور سیریل نمبر (Serial Number) کی تفصیلات اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشن کے بوتھ لیول آفیسر (BLO) کو فراہم کریں تاکہ ان کی میپنگ کا عمل مکمل ہو سکے۔
انہوں نے عوام سے مزید درخواست کی کہ وہ 40 سال سے کم عمر اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کی تفصیلات بھی فراہم کریں تاکہ پروجنی میپنگ کا کام درستگی کے ساتھ مکمل کیا جا سکے۔
پریس ریلیز کے آخر میں تحصیلدار نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس اہم سرکاری عمل میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔