بھٹکل، 26 اگست (ایس او نیوز): نیشنل ہائی وے 66 فور لین تعمیری کام میں تاخیر اور غیر محفوظ طریقۂ کار پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی) بھٹکل یونٹ نے منگل کے روز احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی انفرا اسٹرکچر پر لاپرواہی کے الزامات لگائے اور کہا کہ ان کے غیر سائنٹیفک کاموں کی وجہ سے ہی آئے دن حادثات ہورہے ہیں اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔
یہ مظاہرہ بھٹکل کی نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے کنارے کیا گیا، جہاں گزشتہ کچھ دنوں میں متواتر حادثات پیش آئے ہیں۔ سب سے سنگین حادثہ 22 اگست کو پیش آیا تھا جس میں مرڈیشور کے رہائشی ایشور نائک جان کی بازی ہار گئے تھے۔ مظاہرین نے این ایچ اے آئی (نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا) اور آئی آر بی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر روشنی کا فقدان، پیدل راہگیروں کے لئے سہولیات نہ ہونا، بائک سواروں کو درپیش مشکلات، غیر سائنسی تعمیراتی طریقۂ کارپر سخت ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ایک دہائی گزر جانے کے باوجود نامکمل کام روز بروز عوام کے لئے جان لیوا بنتے جارہے ہیں۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار موقع پر آکر میمورنڈم وصول کریں۔ لیکن جب کوئی عہدیدار نہیں پہنچا تو مظاہرین نے مارچ کرتے ہوئے تعلقہ انتظامیہ دفتر کا رخ کیا اور بھٹکل تحصیلدار کو میمورنڈم پیش کیاجس کی کاپیاں ڈپٹی کمشنر اُترکنڑا، ریاستی ٹرانسپورٹ منسٹر اور ریاستی گورنر کے نام تھیں۔
میمورنڈم میں ایس ڈی پی آئی نے واضح کیا کہ ایشور نائک کی موت براہِ راست "غیر سائنٹیفک تعمیراتی کام اور حفاظتی انتظامات کی عدم موجودگی" کی وجہ سے ہوئی ہے۔ اس میں بتایا گیا کہ شاہراہ پر نہ کوئی حفاظتی رکاوٹ موجود تھی، نہ وارننگ سائن اور نہ ہی راہگیروں اور گاڑی سواروں کے لئے مناسب رہنمائی کے انتظامات۔ جس کی وجہ سے حادثات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی پی آئی ضلعی صدر توفیق بیری نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے ہائی وے کا کام بند پڑا ہے اور فور لین ہائی وے کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بار بار حادثات پیش آرہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ دس دنوں میں شاہراہ کا کام شروع نہیں کیا گیا اور حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ایس ڈی پی آئی بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔ اس موقع پر ایس ڈی پی آئی کے ضلعی سکریٹری وسیم منیگار، ضلعی کونسل ممبر زین الدین، بھٹکل اسمبلی سکریٹری ثاقب کے علاوہ سُہیل، عبدالسمیع اور دیگر اراکین موجود تھے۔
نیشنل ہائی وے پر ہورہے حادثات کو دیکھتے ہوئے بھٹکل تحصیلدار ناگیندر کولا شٹی نے بعد میں نور مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے پہنچ کر سڑک کی خستہ حالی کا جائزہ لیا۔ اور جلد کام شروع کئے جانے کی یقین دھانی کرائی۔ اس موقع پر بھٹکل ڈی وائی ایس پی مہیش کی نگرانی میں سرکل پولس انسپکٹر دیواکر، پی ایس آئی نوین سمیت پولس کے کافی اہلکار موجود تھے۔