ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: تینگن گنڈی اور رحمت آباد روڈ کی خستہ حالی پر عوام برہم — ضلع انچارج وزیر سے شکایت، فوری مرمت نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ

بھٹکل: تینگن گنڈی اور رحمت آباد روڈ کی خستہ حالی پر عوام برہم — ضلع انچارج وزیر سے شکایت، فوری مرمت نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ

Sun, 09 Nov 2025 17:50:26    S O News
بھٹکل: تینگن گنڈی اور رحمت آباد روڈ کی خستہ حالی پر عوام برہم — ضلع انچارج وزیر سے شکایت، فوری مرمت نہ ہونے پر احتجاج کا انتباہ

بھٹکل، 9 نومبر (ایس او نیوز): تینگن گنڈی اور رحمت آباد روڈ کی خستہ حالی سے پریشان عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے رحمت آباد فرینڈز فورم کے ایک وفد نے ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا سے ملاقات کی اور سڑک کی ناقص حالت سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم پیش کیا۔

وفد نے وزیر کو بتایا کہ متعلقہ محکموں کو بار بار درخواستیں دینے کے باوجود سڑک کی مرمت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ سڑک پر موجود گڈھوں کے باعث موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو روزانہ مشکلات اور حادثات کا سامنا ہے۔

وفد کی قیادت فورم کے جنرل سکریٹری جریر شوپا نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ تینگن گنڈی کراس سے رحمت آباد اور ماہی گیری بندرگاہ تک جانے والا پی ڈبلیو ڈی روڈ پچھلے کئی مہینوں سے انتہائی خستہ حالت میں ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سال بھی اسی طرح کی شکایات کی گئی تھیں، مگر تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

جریر شوپا نے وزیر موصوف کو متنبہ کیا کہ علاقہ کے مکینوں کا صبر اب جواب دے چکا ہے، لہٰذا اگر جلد از جلد مرمت کا کام شروع نہ کیا گیا تو پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ سڑک کی فوری مرمت کے ساتھ ڈرینیج سسٹم اور دیگر بنیادی شہری سہولتوں کو بھی بہتر بنایا جائے۔

وزیر منکال وئیدیا نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے پر جلد کارروائی کریں گے اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

وفد میں مرتضیٰ شیخ، یحییٰ رکن الدین، سینان ایس جے، انظف قاضی سمیت دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

bhatkal-jamia-abad-road


Share: