ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل رمضان بازار : ہندو جاگرن ویدیکے نے دیا مین روڈ پرعارضی دکانیں لگانے کے خلاف میمورنڈم

بھٹکل رمضان بازار : ہندو جاگرن ویدیکے نے دیا مین روڈ پرعارضی دکانیں لگانے کے خلاف میمورنڈم

Mon, 17 Mar 2025 14:40:11    S O News
بھٹکل رمضان بازار : ہندو جاگرن ویدیکے نے دیا مین روڈ  پرعارضی دکانیں لگانے کے خلاف میمورنڈم

بھٹکل،  17 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل میں سالہا سال سے رمضان کے آخری عشرے میں مین روڈ پر جو چھوٹی چھوٹی اور عارضی دکانیں لگتی ہیں اس کے خلاف ہندو جاگرن ویدیکے نے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ امسال سے یہاں دکانیں لگانے پر پابندی عائد کی جائے اور ان دکانوں کو کسی مناسب جگہ پر کھلے میدان میں منتقل کیا جائے ۔
    
 میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ شہر کے قلب میں واقع مصروف ترین علاقے میں موجود مین روڈ پر رمضان کے مہینے میں بلدیہ کی اجازت سے پندرہ دنوں تک دکانیں لگائی جاتی ہیں(حالانکہ یہ دکانیں صرف دس دن لگتی ہیں)  اور ہر قسم کی ٹریفک کو مکمل بند رکھا جاتا ہے ۔ اس سے عام لوگوں کو اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد کو بڑی دقت اور مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اگر یہ معاملہ دو تین دنوں کے لئے ہوتا تو بھائی چارگی کے نام پر عوام پھر بھی اس تکلیف کو برداشت کر سکتے ہیں، مگر مسلسل پندرہ دنوں تک عوام کو اس طرح کی تکلیف میں ڈالنا کسی صورت میں بھی درست نہیں ہے ۔
    
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کئی سال قبل ان عارضی دکانوں کی تعداد کم ہوتی تھی، مگر پچھلے کچھ برسوں سے دکانوں کی  تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے ۔ اس میں زیادہ تر کپڑوں کی دکانیں ہوتی ہیں ۔ ایک  دوسرے سے ملی ہوئی دکانوں میں فائر سیفٹی اور دیگر احتیاطی تدابیر کا کوئی خیال نہیں رکھا جاتا ۔ شام ہوتے ہی بازار میں لوگوں کا ہجوم بے انتہا بڑھ جاتا ہے ۔ ایسے میں ناگہانی حادثے بہت خطرناک صورت اختیار کر سکتے ہیں ۔ 
    
میمورنڈم میں اس بات کا بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ بھٹکل فرقہ وارانہ طور پر حساس علاقہ ہے ۔ جب رمضان بازار لگتا ہے اور عوام کا ہجوم امڈتا ہے تو اس میں ہر قوم کے لوگ شامل رہتے ہیں ۔ ایسے میں معمولی باتوں پر بڑے جھگڑے ہونے کے امکانات ہر سال موجود رہتے ہیں ۔ کچھ سال  قبل تیس چالیس مسلم نوجوانوں کی گینگ کی طرف سے دو ہندو لڑکوں کو مارنے پیٹنے اور پولیس جیپ گاڑی کے شیشے توڑنے کا واقعہ پیش آ چکا ہے۔ 
    
میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا اسباب کے پیش نظر اس مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دی جائے اور امسال سے ہی مین روڈ پر عارضی دکانیں لگانے کا سلسلہ بند کرتے ہوئے اس بازار کو کسی میدان میں منتقل کر دیا جائے ۔ 
    
جاگرن ویدیکے کے کنوینر جینت بینندور کی دستخط  کے ساتھ پیش کیے گئے اس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ اگر اس معاملے پر توجہ نہیں دی گئی اور آنے والے دنوں میں کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو اس کے لئے تعلقہ انتظامیہ اور بھٹکل ٹی ایم سی پوری طرح ذمہ دار ہوگی ۔


Share: