بھٹکل 24 / جنوری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بئیلور میں چل رہے اسپیڈ کارڈز کے ذریعے جوئے بازی کے مقام پر مرڈیشور پولیس نے چھاپہ ماری کرتے ہوئے دو لوگوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے پاس موجود دو موٹر بائکس اور نقد رقم بھی ضبط کرلی ۔
پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق بئیلور سڑک کے کنارے واقع ایک چھوٹی سی دکان کے پاس مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہنومنتا برادر کی ٹیم نے جب چھاپہ ماری کی تو وہاں پر دنیش ایریّا دیواڈیگا، ایشور منجوناتھ دیواڈیگا، سبرایا ناگپّا نائک، پروین روی نائک اور دیگر افراد اسپیڈ کارڈز کے ذریعے جوا کھیلتے ہوئے پائے گئے ۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع پر نقد 6020 روپے اور دو موٹر بائکس ضبط کرنے کے علاوہ دنیش اور منجو ناتھ نامی ملزمین کو گرفتار کر لیا جبکہ سُبرایا ، پروین اور ایک موٹر سائکل کا مالک / رائڈر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
اس ضمن میں مرڈیشور پولیس تھانے میں کیس درج کیا گیا ہے ۔ مفرور ملزمین کی تلاش کے ساتھ مزید تحقیقات جاری ہیں ۔