بھٹکل 2 جنوری (ایس او نیوز): بھٹکل ٹاون پولیس تھانہ حدود میں واقع دبئی مارکیٹ کی ایک دکان پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ الیکٹرانک سگریٹ (ای-سگریٹ) اور نکوٹین لیکوئڈ ویپس ضبط کرلیے۔ اس کارروائی میں مجموعی طور پر 1,38,500 روپے مالیت کا ممنوعہ سامان برآمد کیا گیا جبکہ دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولس کی دی گئی اطلاع کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت صدیق عبدالرحمٰن عرف مستان (58) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم بغیر کسی اجازت نامہ یا لائسنس کے اپنی دکان میں ممنوعہ ای-سگریٹ اور نکوٹین مصنوعات ذخیرہ کرکے فروخت کر رہا تھا۔ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے یہ کارروائی انجام دی۔
چھاپے کے دوران پولیس نے 38 ای-سگریٹس جن کی مالیت 76,000 روپے ہے اور 125 نکوٹین لیکوئڈ ریفلز (ویپس) جن کی مالیت 62,500 روپے ہے، ضبط کیے۔
اس سلسلے میں بھٹکل ٹاون پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ یہ کارروائی ڈی وائی ایس پی مہیش ایم کے کی رہنمائی میں اور سی پی آئی دیواکر پی ایم کی قیادت میں انجام دی گئی۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ ممنوعہ ای-سگریٹ اور نکوٹین مصنوعات کی خرید و فروخت اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائی جاری رہے گی۔