بھٹکل ،19 / فروری (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے ٹاون پولیس اسٹیشن، دیہی پولیس اسٹیشن اور مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں تعینات کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر فائز عملے کے لئے نئی قسم کی نیلے رنگ کی 'پِیک کیپ' ٹوپیاں تقسیم کی گئیں ۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اس نئے انداز کی ٹوپیوں کی نقاب کشائی کی تھی ۔ ریاستی محکمہ پولیس کی ہدایت کے مطابق متعارف کی گئی یہ نئے لُک والی پیک کیپ اس وقت کئی مقامات پر تقسیم ہو چکی ہیں ۔ اتر کنڑا ضلع میں بھی اس کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے تحت اب بھٹکل میں اسے باضابطہ طور پر تقسیم کیا گیا ہے ۔
بھٹکل تعلقہ کے تین پولیس اسٹیشنوں میں جملہ 120 کانسٹیبلوں، ہیڈ کانسٹیبلوں اور خاتون عملے کو یہ ٹوپیاں تقسیم کی گئیں ۔ ٹاون پولیس اسٹیشن میں سی پی آئی دیواکر نے 54، دیہی پولیس اسٹیشن میں سی پی آئی وینکٹیش ایس مورنال نے 36 اور مرڈیشور پولیس اسٹیشن میں پی ایس آئی ہنومنتا برادر نے عملے کے 30 افراد کو یہ نیلی ٹوپیاں تقسیم کیں ۔