ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مرڈیشور میں شیوراتری کا رنگا رنگ پروگرام: وزیر منکال وئیدیا کی شرکت، بنیادی سہولیات کی بہتری پر زور

بھٹکل: مرڈیشور میں شیوراتری کا رنگا رنگ پروگرام: وزیر منکال وئیدیا کی شرکت، بنیادی سہولیات کی بہتری پر زور

Mon, 16 Feb 2026 18:21:20    S O News

بھٹکل، 16 فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے معروف سیاحتی مقام مرڈیشور میں اتوار کو شام کو منعقدہ شیوراتری تقریب میں ایک طرف ہزاروں لوگوں نے شرکت کی وہیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال ویدیا کی موجودگی میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے منکال  وئیدیا نے کہا کہ مرڈیشور کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے جس میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور سیاحوں و زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اتر کنڑا ضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ کنڑ او ثقافت اور محکمہ سیاحت کے اشتراک سے منعقدہ مہا شیو راتری جاگرنے اُتسو کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ سیاحوں اور عقیدت مندوں کی سہولت کے پیش نظر منظم پارکنگ    کیلئے  بہتر نظام کی تیاری کو ترجیح دی جائے گی۔

آگے  کہا کہ اس سال مرڈیشور میں شیو راتری تقریبات کے دوران متعدد مذہبی پروگرام منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ وزیر نے ضلع کی مجموعی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتر کنڑا میں تعلیمی شعبہ کی بہتری کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔

منکال وئیدیا   نے مزید بتایا کہ ضلع کے اہم شیو مندروں — مرڈیشور، گوکرن، گناونتیشور، دھاریشور اور شیجیشور — کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مرڈیشور کو اپنی جائے پیدائش اور کرم بھومی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی عوام کی حمایت اور مرڈیشور دیوتا کی برکتوں سے آگے بڑھے ہیں، اور یقین دلایا کہ شیو راتری کی تقریبات ہر سال مسلسل اور منظم انداز میں منعقد کی جائیں گی۔

اس موقع پر  ضلع  ڈپٹی کمشنر کے لکشمی پریا نے بتایا کہ ضلع کے پانچ مقامات پر ہر سال شیو راتری منائی جاتی ہے اور تمام مقامات پر ہجوم کے نظم و نسق، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ پروگرام کے پُرامن انعقاد کے لیے سیکورٹی کے بھی معقول انتظامات کیے گئے تھے۔

تقریب کے دوران ماولی-1 اور ماولی-2 گرام پنچایتوں کو مرڈیشور ٹاؤن پنچایت میں اپ گریڈ کرنے پر وزیر منکال وئیدیا کی تہنیت بھی کی گئی۔

پروگرام میں ڈسٹرکٹ گارنٹی اسکیم  اتھارٹی کے صدر ستیش نائک، ضلع پنچایت سی ای او ڈاکٹر دلیش ششی،ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این ، ڈی سی ایف یوگیش، سب ڈویژنل افسر پروین کارانڈے، تحصیلدار ناگیندر کولاشیٹی ، ڈی وائی ایس پی گریش، تعلقہ گارنٹی کمیٹی کے صدر راجو نائک، مرڈیشور مندر کے چیف پجاری جے رام آڈیگا، مندر منیجر منجوناتھ شیٹی، ایس ایس کامت،   پشپا لتا وئیدیا  ، نینا نائک، ناگرتنا پڈیار اور دیگر لوگ شریک تھے۔

تقریب کے دوران بھجن،  ہریکاتھااور موسیقی کے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیے گئے۔ معروف فنکاروں میں گلوکار ہیمنت اور ان کا گروپ، اداکارہ رکشیتا شیٹی، اداکارہ راگنی دویویدی، لوک فنکار جوگی سونيتا اور گلوکارہ منسا شامل تھے۔ اس کے علاوہ شیو دھیان، دھن لکشمی موگیر کی بھرت ناٹیم پیشکش، منکی  اورالوے کوڈی کی ٹیموں کا بھجن کنیتا، گنیش آچاریہ کی گائیکی اور مختلف کھیلوں کے فاتحین و آئیڈیل کپل مقابلے کے شرکاء میں انعامات کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔


Share: