ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پروجیکٹ آفیسر نے مقامی عوام سے کی تعمیراتی کام کو آگےبڑھانے کے لئے تعاون کی اپیل

بھٹکل : نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پروجیکٹ آفیسر نے مقامی عوام سے کی تعمیراتی کام کو آگےبڑھانے کے لئے تعاون کی اپیل

Thu, 13 Nov 2025 18:57:41    S O News
بھٹکل : نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پروجیکٹ آفیسر نے مقامی عوام سے کی تعمیراتی کام کو آگےبڑھانے کے لئے تعاون کی اپیل

بھٹکل 13 / نومبر (ایس او نیوز) نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر شیوا کمار نے بھٹکل دورے کے موقع پر ناگرک ہوراٹا سمیتی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی وے کا تعمیراتی کام مکمل کرنے کے لئے مقامی عوام  کا تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل کے تعلق سے ہمیں آگاہی ہے اور مرحلہ وار ان مسائل کو حل کیا جائے گا ۔
    
اس موقع پر ہوراٹا سمیتی کے صدر ستیش کمار نائک نے ہائی وے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو یاد دلایا کہ ہائی وے کی توسیع کے لئے ٹی ایم سی کی طرف سے لگائی گئی اسٹریٹ لائٹس کو نکالے ہوئے تین سال گزر گئے مگر آج تک ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کی طرف سے انہیں بحال نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے پوچھا کہ  اس کی وجہ سے جو مسلسل حادثات ہو رہے ہیں اس کے لئے کون ذمہ دار ہے ۔  اس کے جواب میں شیوا کمار نے کہا کہ ضروری مقامات پر آئی آر بی کی طرف سے عبوری طور پر اسٹریٹ لائٹس لگانے کا کام کیا جائے گا ۔ برساتی پانی سڑک پر جمع ہونے سے روکنے اور ندیوں تک اس کی نکاسی کے لئے بلیو پرنٹس تیار کیے گئے ہیں ۔ جہاں کہیں ضروری ہے وہاں پر سروس روڈ تعمیر کرنے اور اسٹریٹ لائٹس لگانے کی ہدایت ٹھیکیدار کمپنی کو دی گئی ہے ۔ 

bhatkal-nh-visits

 انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہائی وے کی تعمیر کا کام مکمل ہونا چاہیے پھر اس کے بعد اگلے مرحلے میں جہاں جس چیز کی ضرورت ہے اسی کے مطابق ترجیحی طور پر کام انجام دیا جائے گا ۔ اس تعلق سے عوام کو تعاون کرنا چاہیے ۔ 
    
میٹنگ کے بعد  پروجیکٹ ڈائریکٹر  شیوا کمار نے ٹی ایم سی کے افسران اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے افسران کے ساتھ مختلف مقامات کا معائنہ کیا جس کے دوران عوام کے مطالبات کو سامنے رکھتے ہوئے آئی آر بی کو ضروری کام پورا کرنے کی ہدایت دی ۔ 
    
اس موقع پر تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، جالی پٹن پنچایت کے نائب صدر ایڈوکیٹ عمران لنکا، ممبرس مصباح الحق، الطاف کھروری، جیلانی شابندری، محی الدین رکن الدین، ٹی ایم سی چیف آفیسر وینکٹیش ناوڑا،  انجینئر اروند راو، انجینئر وشو ناتھ انگڑی، سدیش شیٹی، ناگراج نائک وغیرہ موجود تھے.

یاد رہے کہ بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کے سست رفتاری سے جاری تعمیراتی کام، اہم علاقوں میں سروس روڈ کی عدم دستیابی، اور شمس الدین سرکل کے قریب مجوزہ فلائی اوور کا غائب ہونا عوامی ناراضگی کا سبب بن گیا ہے۔ اس سلسلے میں ناگریک ہوراٹا سمیتی کے بینر تلے شہر کی مختلف ادارں  کے ذمہ داران، بشمول سب سے بڑا سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم وقفے وقفے سے میٹنگیں منعقد کر رہے ہیں۔

حال ہی میں منعقدہ ایک میٹنگ میں شیرور ٹول ناکہ بند کرنے اور قومی شاہراہ کو بلاک کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی تھی، جس کے بعد بھٹکل تحصیلدار نے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا (NHAI) اور ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی انفراسٹرکچر ڈیولپرز کے افسران کے ساتھ میٹنگ منعقد کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا تھا اور فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔

اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اب پروجیکٹ ڈائریکٹر کے ساتھ تازہ میٹنگ اور مختلف مقامات کے معائنے کے بعد بھٹکل میں نیشنل ہائی وے فور لین کے تعمیراتی کام کو دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔

Click here for report in English 


Share: