ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: اُتّر کنڑا رکشہ یونین کے لئے نئے عہدیداران کا انتخاب

بھٹکل: اُتّر کنڑا رکشہ یونین کے لئے نئے عہدیداران کا انتخاب

Thu, 04 Dec 2025 14:25:30    S O News
بھٹکل: اُتّر کنڑا رکشہ یونین کے لئے نئے عہدیداران کا انتخاب

بھٹکل 4 / دسمبر (ایس او نیوز) اتر کنڑا رکشہ ڈرائیور اور مالکان کی یونین کے  سالانہ اجلاس کے دوران نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا ۔ 

اطلاع  کے مطابق یہ اجلاس بھٹکل تعلقہ کے مرڈیشور میں  واقع یونین کے دفتر میں منعقد ہوا ، جس میں سال 2025-2027 کے یونین کے ضلع صدر کے طور پر سرسی کے وشوا ناتھ ایس گوڈا کو منتخب کیا گیا ۔ ضلع جنرل سیکریٹری کے طور پر کاروار کے اودیا ڈی نائک اور خزانچی کی حیثیت سے ہوناور کے شیو راج ایس میستا منتخب ہوئے ۔

    اس کے علاوہ صدر اعزازی کمٹہ کے ایڈوکیٹ آر جی نائک، ضلع نائب صدور  وینکٹیش ایس نائک بھٹکل، سریدھر ایل نائک مرڈیشور،  مہیش نائک انکولہ، چندرا ہاس این نائک کمٹہ، ضلع سکریٹری انتظامی امور چندرا شیکھر بھووی یلاپور، سلیم محمد یوسف بھٹکل، رابرٹ لوبو منڈگوڈ، بابا صاب جمعدار ڈانڈیلی، نند کمار نائک سداپور اور قانونی صلاح کار بئیرو ڈی انکولہ اور دیا نائک کمٹہ کو اتفاق رائے سے منتخب کیا گیا ۔ 

    میٹنگ کے دوران ضلع میں روز بروز بڑھتی ہوئی آٹو رکشہ کی تعداد اور رکشہ والوں کو درپیش مسائل کے تعلق سے سیر حاصل گفتگو ہوئی ۔ حاضرین کی طرف سے یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ رکشہ کے لئے مزید پرمٹ جاری کرنا بند ہونا چاہیے ۔ فی الحال شہری علاقوں میں 7 کلو میٹر اور گرام پنچایت سطح پر 3 کلو میٹر کے حدود میں رکشہ چلانے کی جو پرمٹ حاصل ہے اس کے حدود میں اضافہ ہونا چاہیے ۔ 

    اس کے جواب میں یونین کے عہدیداران نے تیقن دیا کہ جس طرح دیگر اضلاع میں رکشہ کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے پرمٹ جاری کرنے پر جو عبوری  روک لگائی گئی ہے اور جس طرح دیگر اضلاع میں رکشہ چلانے کی  حدود میں اضافہ کیا گیا ہے اسی طرز پر اتر کنڑا میں بھی پرمٹ والے رکشہ کم از کم 30 کلو میٹر کے دائرے تک چلانے کی اجازت دینے کا مطالبہ متعلقہ محکمہ جاتی افسران کے سامنے رکھا جائے گا ۔ اگر ضروری ہوا تو اس ضمن میں قانونی جد و جہد بھی کی جائے گی ۔ 


Share: