بھٹکل، 9 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل ٹاؤن میونسپل کونسل کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے اعلان کیا ہے کہ یکم ستمبر سے اسپتال روڈ پر تعمیر شدہ نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ عوام کے لیے کھول دی جائے گی، جہاں سے مچھلیوں کی خرید و فروخت کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں گذشتہ روز دکانوں کی نیلامی کا عمل مکمل کیا گیا، جس میں عبدالقادر فیصل عرف شماّس کوبٹے نے سب سے زیادہ بولی لگا کر ایک سال کے لیے مارکیٹ کا ٹھیکہ حاصل کیا۔
الطاف کھروری کے مطابق اس جدید فِش مارکٹ میں 60 سے زائد پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جہاں بیٹھ کر مچھلیاں فروخت کی جاسکیں گی۔ اسی طرح پہلے مالے پر بھی فروخت یا دفتر قائم کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ خریداروں اور فروخت کنندگان دونوں کے لیے ٹوائلٹ اور باتھ روم سمیت تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہیں، جبکہ مچھلیوں کی فروخت کے لیے تمام ضروری اور معیاری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2016-17 میں کوسٹل ڈیولپمنٹ بورڈ نے بھٹکل میں ہائی ٹیک فِش مارکٹ کی تعمیر کے لیے 1.38 کروڑ روپے منظور کیے تھے۔ 2018 میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد اُس وقت کے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے نے مارکیٹ کا افتتاح کیا تھا، تاہم گزشتہ سات آٹھ برسوں کے دوران مختلف مسائل کے باعث پرانی مارکیٹ کو بند کرنا ممکن نہ ہوسکا اور مچھلیوں کا کاروبار نئی فِش مارکٹ میں منتقل نہیں کیا جا سکا۔ اب میونسپل کونسل کی جنرل باڈی میٹنگ میں یہ طے کیا گیا ہے کہ کسی بھی صورت میں نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ کو شروع کیا جائے۔ اسی فیصلے کے تحت صفائی اور معمولی مرمتی کام کے بعد یکم ستمبر سے اس کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
الطاف کھروری نے بھٹکل کے عوام اور مچھلی بیوپاریوں سے اپیل کی کہ وہ یکم ستمبر سے نئی فِش مارکٹ میں دستیاب سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مچھلیاں صرف اسی مارکیٹ سے خریدیں۔ انہوں نے اسپورٹس سینٹروں اور محلہ کمیٹیوں کے ذمہ داران سے بھی درخواست کی کہ وہ نئی فِش مارکٹ کے آغاز میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کو یہاں سے مچھلیاں خریدنے کی ترغیب دیں۔مارکٹ کی نیلامی کے موقع پر دیگر کونسلرس سمیت ٹی ایم سی کے انچارج چیف آفسر وینکٹیش ناوڈا اور میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصر محتشم بھی موجود تھے۔