بھٹکل، 22 جنوری (ایس او نیوز): اُتر کنڑا کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے کہا کہ بھٹکل سے گزرنے والی قومی شاہراہ کی توسیعی تعمیر کا کام آئندہ دو ماہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کیا گیا ہے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا جلد ازالہ ممکن ہو سکے۔
بدھ کو بھٹکل میں منعقدہ ایک پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر پیش آنے والے حادثات کے پیشِ نظر حساس اور حادثاتی مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے، اور جہاں ضرورت محسوس ہوگی وہاں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی تاکہ رات کے وقت ٹریفک کی آمد و رفت محفوظ بنائی جا سکے۔
نیشنل ہائی وے کے نامکمل کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باقی ماندہ تعمیراتی امور پر جلد ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں متعلقہ محکموں اور حکام کو شامل کر کے مسائل کا عملی حل تلاش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حادثات کے زیادہ امکانات والے علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، بہتر روشنی کے انتظامات اور ریفلیکٹرز نصب کرنے کے لیے بلدیاتی فنڈ استعمال کیا جائے گا، تاکہ سڑک حادثات میں کمی لائی جا سکے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔