ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش پر قومی یومِ تعلیم کی تقریب

بھٹکل: مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش پر قومی یومِ تعلیم کی تقریب

Wed, 12 Nov 2025 00:42:47    S O News
بھٹکل: مولانا ابوالکلام آزاد کے یوم پیدائش پر قومی یومِ تعلیم کی تقریب

بھٹکل، 11 نومبر (ایس او نیوز): مولانا آزاد پبلک اسکول بھٹکل میں قومی یومِ تعلیم نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ہر سال 11 نومبر کو بھارت کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی پیدائش کے موقع پر اُن کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔

تقریب کا آغاز صبح 11 بجے ہوا، جس کا افتتاح بھٹکل تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر سنیل ایم نے پودا لگا کر کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مولانا آزاد کی قومی خدمات اور تعلیم کے شعبے میں اُن کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “تعلیم ہی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے۔”

تقریب کی صدارت عبدالرقیب ایم جے ندوی، جنرل سکریٹری مجلسِ اصلاح و تنظیم بھٹکل نے انجام دی۔

معروف شاعر اور سینئر صحافی ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے مولانا آزاد کی زندگی، نظریات اور کارناموں پر نہایت پُراثر اور بامقصد خطاب کیا، جس میں انہوں نے تعلیم کی اخلاقی، انسانی اور سماجی قدروں پر زور دیا۔

اسکول کے ہیڈ ماسٹر شمس الدین نے اسکول کی کارکردگی، ترقی اور ہمہ جہتی تعلیم کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔

تقریب کی نظامت محترمہ جینتی نے کی، جبکہ محترمہ تنزیلا نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور محترمہ شفا فردوس نے شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں طلبہ کے علاوہ والدین، اساتذہ اور مقامی ذمہ داران کی بڑی تعداد شریک رہی۔

بتاتے چلیں کہ امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد 11 نومبر 1888ء کو مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے۔ وہ آزاد بھارت کے پہلے وزیر تعلیم تھے۔ ان کے والد مولانا خیرالدین ہندوستان کے ممتاز علمی خانوادے سے تعلق رکھتے تھے، جبکہ والدہ مدینہ منورہ کے معزز خاندان کی چشم و چراغ تھیں۔ آزادی کے بعد، وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے مولانا آزاد نے دور اندیشی کے ساتھ ملک کی تعلیمی پالیسی تشکیل دی اور فن، ثقافت اور تعلیم سے متعلق کئی اہم اداروں کی بنیاد ڈالی۔ انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی۔ 18 اگست 1951ء کو ہندوستان کے پہلے تکنیکی ادارے (IIT) کا سنگِ بنیاد کھڑگ پور میں رکھا گیا — جو اُن ہی کے وژن کا نتیجہ تھا۔ مولانا آزاد کو جدید بھارت کا معمار اور مستقبل ساز قرار دیا جاتا ہے۔ اُن کی مؤثر منصوبہ بندی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہندوستان کے سائنس داں چاند اور خلا تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔


Share: