بھٹکل، 27 دسمبر (ایس او نیوز): معروف سیاحتی مقام مرڈیشور میں ایک خوش آئند واقعہ پیش آیا، جہاں ایک معذور نابالغ بچی کو پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سنجنا نامی 15 سالہ لڑکی، جو چنئی کی رہائشی ہے، اپنے والد سوامی ناتھ کے ساتھ سیاحت کی غرض سے مرڈیشور آئی ہوئی تھی۔ دورانِ سیاحت وہ مندر کے سامنے اپنے سرپرستوں سے بچھڑ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ بچی گونگی ہے، اسے ٹھیک طرح سے نظر نہیں آتا اور وہ سماعت سے بھی محروم ہے۔ بچی گزشتہ تین گھنٹوں سے لاپتہ تھی، جس کے باعث والدین شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے اے ایس آئی رام چندر ہیگڈے نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے تلاشی مہم شروع کی۔ ان کی مسلسل اور مؤثر کوششوں کے نتیجے میں معذور بچی کو بحفاظت تلاش کر لیا گیا۔
بعد ازاں تمام ضروری تصدیق کے بعد بچی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ والدین نے مرڈیشور پولیس، بالخصوص اے ایس آئی رام چندر ہیگڈے کی بروقت کارروائی اور انسانی ہمدردی پر مبنی اقدام پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔