ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نیشنل ہائی وے پر اچانک گائے آ جانے سے متعدد گاڑیوں کی ٹکر

بھٹکل: نیشنل ہائی وے پر اچانک گائے آ جانے سے متعدد گاڑیوں کی ٹکر

Fri, 26 Dec 2025 18:24:26    S O News
بھٹکل: نیشنل ہائی وے پر اچانک گائے آ جانے سے متعدد گاڑیوں کی ٹکر

بھٹکل، 26 دسمبر (ایس او نیوز): شٹی گیریج کے قریب نیشنل ہائی وے پر اچانک ایک گائے سڑک پر آ جانے کے باعث چار گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے بعد تمام گاڑیاں سڑک کے کنارے موجود ڈھلان میں جا گریں۔ یہ حادثہ جمعہ کی شام تقریباً چار بجے پیش آیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور کسی کو شدید چوٹ بھی نہیں آئی۔

عینی شاہدین کے مطابق، کیرالہ سے مہاراشٹرا کی جانب جا رہی ایک کار کے سامنے اچانک گائے آ گئی۔ گائے سے ٹکراؤ سے بچنے کی کوشش میں ڈرائیور گھبرا گیا اور گاڑی کو ایک طرف موڑنے کی کوشش کی، جس دوران کار پہلے ایک گڈس آٹو رکشہ سے ٹکرائی، اس کے بعد ایک نئی بولیرو پک اَپ اور پھر مرمت کے بعد گیراج سے باہر نکلنے والی ایک اور پک اَپ وین سے جا ٹکرائی۔ بعد ازاں اس کار نے گاڑیوں کی رفتار ظاہر کرنے والے ایک سائن بورڈ کے کھمبے کو بھی ٹکر مار دی۔ ٹکراؤ کے بعد تمام گاڑیاں سڑک سے نیچے ڈھلان میں اتر گئیں۔ حیرت کی بات یہ رہی کہ جس گائے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا، وہ گائے کسی نقصان کے بغیر صحیح سلامت وہاں سے پار ہو گئی۔

bhatkal-accident-2-2

کار میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی اور ان کے تین بچے سوار تھے، جو خوش قسمتی سے محفوظ رہے، تاہم گڈس آٹو رکشہ کے ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔

حادثے کے بعد تمام گاڑیوں کو ڈھلان سے باہر نکالنے کے لیے کرین کی مدد لینی پڑی، جس کے باعث کچھ دیر تک ٹریفک میں خلل رہا۔ اس دوران موقع پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے تھے۔

واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقامی شہریوں نے کہا کہ بھٹکل نیشنل ہائی وے پر آوارہ جانوروں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کبھی کتے اچانک سڑک پر آ جاتے ہیں تو کبھی گائے اور بیل درمیانِ سڑک آ کھڑے ہوتے ہیں، جس سے خاص طور پر دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کو شدید خطرات لاحق رہتے ہیں۔ عوام نے میونسپل حکام اور تعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ جانوروں کو سڑکوں پر آنے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور سڑکوں پر گھومنے والے جانوروں کو اپنی تحویل میں لینے کی فوری کارروائی کی جائے۔


Share: