بھٹکل ، 14 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے رکن اسمبلی اور ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے اپنی بیٹی اور مہیلا کانگریس کی ریاستی سیکریٹری بینا وئیدیا کی قیادت میں بئیلورو میں منعقدہ "مہیلا کانگریس کانفرنس" سے خطاب کے دوران اپنے مخالفین کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'میں سیاست میں آنے سے پہلے ہی تجارت میں سرگرم رہا ہوں ۔ سیاست میں آ کر پیسہ اکٹھا نہیں کیا ہے اور نہ کروں گا ۔ میرے ، میری بیوی اور میری بیٹی کے نام پر جملہ 40 کروڑ روپوں سے زائد قرضہ ہے ۔'
انہوں نے اپنے مخالفین پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ میرے مخالفین سوشیل میڈیا میں الزامات لگاتے ہوئے پیغامات وائرل کر رہے ہیں کہ میں نے اپنی بیٹی کے نام پر یہاں وہاں زمینیں خرید رکھی ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ میں نے جو جگہ خریدی ہے وہ اپنے لئے یا اپنی فیملی کے لئے نہیں ہے ۔ مرڈیشور میں 30 ایکڑ زمین خرید کر رکھی ہے ۔ انتخابات سے قبل میں نے جو ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کرنے کے لئے یہ جگہ خریدی گئی ہے ۔ منکی علاقے میں جو جگہ خریدی ہے وہاں گارمینٹ فیکٹری قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ آنے والے ایک سال کے اندر اس گارمنٹ فیکٹری میں کام شروع ہو جائے گا ۔ ہزاروں خواتین کو روزگار فراہم کرنے کا نشانہ ہے ۔ اپنے خاندان کے لئے جائیداد بنا کر میں جانے والا نہیں ہوں ۔ جو لوگ میرے خیال مسلسل سوشیل میڈیا میں الزامات لگا رہے ہیں انہیں عوام کی طرف سے ہی مناسب جواب دیا جائے گا ۔
سیاسی حالات پر نظر رکھنے والوں کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں خواتین کے لئے ریزرویشن کی بنیاد پر منکال وئیدیا کی طرف سے اپنی بیٹی کو سیاسی اکھاڑے میں اتارنے کی پوری تیاری کی جا رہی ہے ۔ اس کی ایک جھلک مہیلا کانگریس کانفرنس میں بھی اس وقت دیکھنے کو ملی جبکہ پروگرام میں شامل ہونے والے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہبندری، ضلع پنچایت کے سابق رکن البرٹ، گارنٹی لاگو کرنے سے متعلقہ کمیٹی کے صدر راجو نائک سمیت تقریباً تمام مقررین منکال کی بیٹی بینا وئیدیا کے گن گاتے اور اس کی صلاحیتوں اور خوبیوں کی ستائش کرتے ہوئے نظر آئے ۔ جبکہ منکال وئیدیا کی بیوی پشپ لتا نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے خاندان سے سیاست میں قدم رکھنے والی بیٹی بینا کو بھرپور تعاون سے نوازیں ۔ کانفرنس کی نگراں اور مہیلا کانگریس کی ریاستی سیکریٹری بینا وئیدیا مہیلا کانگریس شعبے کے لئے تعاون دینے کی درخواست کی ۔
اس موقع پر بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، ضلع پنچایت کی سابق رکن سندھو بھاسکر نائک، بھٹکل مہیلا کانگریس صدر نئینا نائک، منکی کانگریس صدر اوشا نائک اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔