ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : لاپتہ ہونے والا کمٹہ میونسپالٹی کا ریوینیو انسپکٹر وینکٹیش بیلگاوی میں پایا گیا ؛ چیف آفیسر کے خلاف شکایت درج

بھٹکل : لاپتہ ہونے والا کمٹہ میونسپالٹی کا ریوینیو انسپکٹر وینکٹیش بیلگاوی میں پایا گیا ؛ چیف آفیسر کے خلاف شکایت درج

Fri, 10 Oct 2025 20:18:20    S O News

بھٹکل 10/ اکتوبر (ایس او نیوز) کمٹہ ٹاون میونسپل کاونسل میں ریوینیو انسپکٹر وینکٹیش ہریجن کے بھٹکل میں واقع اپنے گھر سے نکل جانے اور لاپتہ ہونے کا معاملہ اس وقت سلجھ گیا جب بیلگاوی میں اس کے موجود ہونے کا پتہ لگ گیا ۔

    وینکٹیش ہریجن کی گم شدگی کے بعد بھٹکل پولیس اسٹیشن میں جب شکایت درج کروائی گئی تو ایک پولیس اہلکار نے گم شدگی کی خبر کے ساتھ وینکٹیش کا فوٹو اپنے وہاٹس ایپ اسٹیٹس پر ڈال دیا تھا ۔ بیلگاوی میں پولیس اہلکار کے ایک دوست نے بھی یہ فوٹو دیکھا تھا اور جب کل صبح اس نے بیلگاوی بس اسٹینڈ کے پاس واقع ایک لاڈج کے قریب وینکٹیش کو دیکھا تو اسے پہچان گیا اور اس بات کی اطلاع پولیس کو دے دی ۔ 

    بیلگاوی میں وینکٹیش کے موجود ہونے کا سراغ ملتے ہی بھٹکل پولیس الرٹ ہوگئی اور بیلگاوی سٹی پولیس اسٹیشن سے رابطہ قائم کرتے ہوئے وینکٹیش کو پولیس کی تحویل میں لینے کی کارروائی انجام دی ۔ 

    بتایا جاتا ہے کہ وینکٹیش نے گھر سے نکل جانے کا فیصلہ کرنے سے قبل رات کو اپنی ماں آشا رانی کے پاس اس دن کمٹہ ٹی ایم سی میں پیش آئی ہوئی پوری باتیں بتائی تھیں اور رقم وصولی کے سلسلے میں کاغذات پر دستخط کرنے کے چیف آفیسر کی طرف سے اس پر دباو بنائے جانے کی تفصیل بتائی تھی ۔ پھر وہ گھر کے باہر دیوڑھی پر سونے کے لئے چلا گیا تھا ۔

    آشا رانی کے بیان کے مطابق رات تقریباً ایک بجے آنکھ کھلنے پر اس نے جب باہر جھانک کر دیکھا تو وینکٹیش ڈائری میں کچھ لکھ رہا ہے ۔  وہ یہ سمجھ کر پھر سے سو گئی کہ شائد بیٹا آفس کا کچھ کام کر رہا ہوگا ۔ مگر صبح جاگنے کے بعد پتہ چلا کہ وینکٹیش گھر میں موجود نہیں ہے ۔ اس کے بعد پتہ چلا کہ وینکٹیش نے گھر سے غائب ہونے سے پہلے اپنے پڑوسی دوست سے تین ہزار روپے قرض لیے تھے ۔ 

    اس دوران جمعرات کے دن کسی نامعلوم شخص کے فون سے وینکٹیش نے بیلگاوی سے اپنی ماں کے ساتھ رابطہ کیا اور بلک بلک کر روتے ہوئے آندھرا پردیش میں واقع ایک مشہور مندر منترالیہ میں حاضری دے کر لوٹنے کی بات کہی اور فون کاٹ دیا ۔ یہ بات اور فون نمبر بھٹکل پولیس اسٹیشن کے علم میں لانے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور وینکٹیش کو تلاش کر لیا گیا ۔ 

    بھٹکل پولیس اسٹیشن کے ایک  افسرنے بتایا  کہ وینکٹیش نے گھر چھوڑنے سے قبل جو باتیں لکھ رکھی تھیں اس کی تفصیلات حاصل کی گئی ہیں ۔ اب چونکہ وینکٹیش کا پتہ چل گیا ہے اس لئے وہ یہاں بھٹکل  پہنچنے کے بعد ہمارے سامنے جو بیان درج کروائے گا اس کی بنیاد پر  اگلی  کارروائی کی جائے گی ۔

    کمٹہ میں چیف آفیسر کے خلاف شکایت درج :  وینکٹیش رمیش ہریجن کو ذہنی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگاتے ہوئے اس کی ماں آشا رانی نے کمٹہ پولیس اسٹیشن میں ٹی ایم سی چیف آفیسر ایم آر سوامی کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شکایت درج کروائی ہے ۔

    شکایت میں کہا گیا ہے کہ چیف آفیسر کی طرف سے گزشتہ ایک دو مہینے سے وینکٹیش کو بہت زیادہ ہراساں اور ذلیل کرنے کا کام کیا جا رہا ہے ۔ اکتوبر ۷ تاریخ کو شام پانچ بجے کے وقت چیف آفیسر نے اس پر برستے ہوئے دھکا دیا کہ اگر  بولا گیا  کام نہیں کر سکتے ہو تو پھر کام پر مت آنا ۔ اس کے علاوہ اسے جان سے مارنے کی بھی دھمکی دی گئی ہے اور گالیاں بھی دی گئی ہیں ۔ اس لئے چیف آفیسر کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی جانی چاہیے ۔  


Share: