بھٹکل،10 / فروری (ایس او نیوز) خواتین کے شناسائی اور پھر اس کے بعد انہیں سوشیل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے کے الزام میں بھٹکل ٹاون پولیس نے منکی کے رہنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے ۔
گرفتار شدہ نوجوان کی شناخت منکی کے باشاہ کالونی کے رہائشی اور بینگلورو میں اوبر پارسل میں ملازمت کرنے والے محمد یوشع محمد سائی ابو محمد (31 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بھٹکل مخدوم کالونی کی رہنے والی ایک خاتون کے ذریعے بھٹکل ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج کروائی گئی شکایت کے مطابق ملزم نے ایک سال قبل اس سے جان پہچان پیدا کی اور بات چیت کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے اس کے نجی فوٹوز حاصل کیے ۔ اس کے بعد بات چیت کا سلسلہ جاری نہ رکھنے پر اس کے نجی فوٹوز سوشیل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی ۔ پھر یہ فوٹوز اس نے اس خاتون کے گھر والوں اور رشتے داروں کے موبائل فون پر شیئر کیے ۔ اس کے علاوہ اس خاتون کی سہیلی کو بھی فون کرکے اس کے ذریعے دھمکی دی کہ اس کے ساتھ فون پر بات نہ کرنے پر یہ فوٹوز دوسروں کو بھی روانہ کرے گا ۔ اس طرح اس نے شکایت کنندہ خاتون کو ذہنی ہراسانی میں مبتلا کیا ۔
پولیس نے اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کارروائی کرتے ہوئے بینگلورو سے ملزم کو گرفتار کیا ۔ اس کے قبضے سے موبائل فون اور پین ڈرائیو ضبط کیے گئے ہیں ۔ موبائل فون کو جانچ فارنسک لیباریٹری میں بھیج دیا گیا ہے ۔
پولیس کے بیان کے مطابق تفتیش کے دوران پتہ چلا ہے کہ کئی خواتین سے اس لڑکے کے تعلقات ہیں ۔ فارنسک لیباریٹری کی رپورٹ ملنے کے بعد اگلی کارروائی کی جائے گی ۔ سی پی آئی دیواکر کی رہنمائی اور انسپکٹر نوین کی قیادت میں اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں ۔