بھٹکل، 19 / فروری (ایس او نیوز) تعلقہ کے بیلکے سرکاری ہائی اسکول کے احاطے میں سرسی کے اسکوڈویس، ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، محکمہ صحت اور بینگلورو کے آشریہ ہست ٹرسٹ کے اشتراک سے اینڈوسلفان سے متاثرین کے لئے 'آشا کرن' اسکیم کا افتتاح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شنکر راو نے کیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر راو نے کہا کہ اسکوڈویس ادارے کے اشتراک سے اینڈو سلفان متاثرین کے لئے آشاکرن اسکیم شروع کی گئی ہے جس کے تحت بیلکے میں آئندہ دو مہینوں کے عرصے میں اینڈوسلفان متاثرین کا از سر نو سروے کیا جائے گا ۔ اسی کے ساتھ متاثرہ بچوں کے لئے فزیوتھیراپی اور علاج فراہم کرنے کے علاوہ باز آباد کاری کے اقدامات کیے جائیں گے ۔ اس کے بعد بھی محکمہ صحت کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ سال 2018 سے بچوں سمیت 65 سال تک کی عمر والے اینڈوسلفان متاثرین کے لئے ماہانہ 2 ہزار روپے اور 65 سال سے زائد عمر والوں کے لئے 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ کے ایم سی منی پال میں انہیں مفت علاج، بسوں میں مفت سفر جیسی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔

ڈاکٹر راو نے بتایا کہ اتر کنڑا ضلع میں حکومت کی جانب سے تین مقامات پر ایسے متاثرین کے لئے پرورش کے مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ منکی میں ایک باز آبادکاری مرکز کرنے کے لئے 20 کروڑ روپے لاگت کا ایک ایکشن پلان تیار کرکے حکومت کو بھیجا گیا ہے ۔ ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا اس منصوبے کو منظور کروانے اور اینڈوسلفان متاثرین کو راحت پہنچانے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ اس تعلق سے محکمہ صحت کی طرف سے ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا ۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے بیلکے گرام پنچایت کے سابق صدر جگدیش نائک نے کہا کہ بیلکے میں اینڈو سلفان اسکوڈیس کی طرف سے دو مہینے تک علاج اور دیگر سہولتیں فراہم کرنا قابل ستائش ہے ۔
اسکوڈیس کے کے سی ای او وینکٹیش نائک نے استقبالیہ خطاب کے دوران بتایا کہ بھٹکل میں نئے سرے سے 580 افراد کی شناخت اینڈوسلفان سے متاثرین کے طور پر کی گئی ہے ۔ انہیں آشا کرن اسکیم کے تحت سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ ان میں سے 228 افراد 15 سال سے کم عمر کے ہیں جو ایک تشویشناک بات ہے ۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ آئندہ بھی اینڈو سلفان سے متاثرہ بچے پیدا ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اب دو مہینوں تک متاثرہ بچوں کو فزیو تھیراپی اور علاج کے لئے موبائل یونٹ کے ذریعے سینٹر تک لایا جائے گا ۔
اس موقع پر بینگلورو کے آشریہ ہست ٹرسٹ کے رکن اور روٹرین ایس جئے رام، تحصیلدار پروین، تعلقہ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پریا گونسالویز، باغبانی آفیسر شرن کمار، بلاک ریسورس آفیسر پورنیما موگیر، بیلکے سرکاری ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس شالینی نائیک وغیرہ موجود تھے ۔