بھٹکل، 17 جولائی (ایس او نیوز): جھولا جھولتے وقت اچانک رسی گردن میں پھنس جانے سے13 سالہ لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔ یہ دلخراش واقعہ مرڈیشور مضافاتی پولیس تھانہ حدود کے ترن مکی سبھتی گاؤں میں جمعرات کے روز پیش آیا۔ متوفیہ کی شناخت پرنیتا جگن ناتھ نائک کے طور پر کی گئی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق، پرنیتا اپنی بہن کے ساتھ گھر کے صحن میں جھولا جھول رہی تھی کہ اسی دوران جھولے کی رسی اچانک اُس کی گردن میں لپٹ گئی، جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا میں جمعرات کو شدید بارش کے باعث اسکولوں میں تعطیل دی گئی تھی، جس کے سبب ساتویں جماعت کی یہ طالبہ گھر پر ہی کھیل رہی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کے وقت اس کی والدہ کام پر گئی ہوئی تھیں، جبکہ والد دوسری ریاست میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم تھے۔ اسی وجہ سے بروقت مدد نہ مل سکی اور لڑکی کو بچایا نہ جا سکا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
ذرائع کے مطابق، لڑکی کی نعش فی الحال بھٹکل سرکاری اسپتال میں رکھی گئی ہے، اور جمعہ کو والد کے بھٹکل پہنچنے کے بعد پوسٹ مارٹم کی کاروئی کی جائے گی۔
مرڈیشور پولیس تھانے میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔