ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: فریب کاری معاملے میں گرفتار تینوں ملزموں کو موقع واردات پر لے جاکر پولیس نے حاصل کی اہم جانکاری؛ کلیدی ملزم اب بھی فرار

بھٹکل: فریب کاری معاملے میں گرفتار تینوں ملزموں کو موقع واردات پر لے جاکر پولیس نے حاصل کی اہم جانکاری؛ کلیدی ملزم اب بھی فرار

Wed, 19 Nov 2025 07:13:09    S O News
بھٹکل: فریب کاری معاملے میں گرفتار تینوں ملزموں کو موقع واردات پر لے جاکر پولیس نے حاصل کی اہم جانکاری؛ کلیدی ملزم اب بھی فرار

بھٹکل 19/نومبر (ایس او نیوز) — گھریلو استعمال کی اشیاء کو آدھی قیمت میں فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کی فریب کاری کرنے والے گروہ کے تین ملزمین، جنہیں پولیس نے گزشتہ دن مینگلور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کیا تھا، کو منگل کے روز سخت سیکیورٹی میں بھٹکل لایا گیا اور متعلقہ شوروم گلوبل انٹرپرائزس میں لے جاکر موقع واردات کا معائنہ کیا گیا۔ پولیس نے شوروم اور دفتر سے اہم شواہد اکٹھا کرتے ہوئے وہاں انجام دی جانے والی سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کیں۔

واضح رہے کہ 4 نومبر کی رات بھٹکل سے لاکھوں روپے لے کر فرار ہونے والے چار افراد میں سے تین کی شناخت ایم۔ گنیش ولد متھئیّا، تیاگ راجن ولد شیواکڈاسَم اور مئینادَن ولد کروپَّیا کے طور پر ہوئی ہے۔ ان تینوں کو پولیس نے ایک ہفتے کے اندر ہی مینگلور ریلوے اسٹیشن سے گرفتار کرکے کاروار کی ضلعی عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں سے انہیں پولیس ریمانڈ پر لے کر مزید تفتیش شروع کی گئی۔

منگل کو پولیس ٹیم نے ملزمین کے کرائے کے مکان کا بھی دورہ کیا اور ان کی سرگرمیوں، مقامی روابط اور طرزِ عمل سے متعلق تفصیلات درج کیں۔

سرکل پولیس انسپکٹر دیواکر کے مطابق، ملزمین کے بینک کھاتے منجمد کر دیے گئے ہیں اور اکاؤنٹس میں جمع رقم، لین دین اور مشتبہ ٹرانزیکشنز کی جانچ جاری ہے۔

اس کارروائی کی قیادت ڈی وائی ایس پی مہیش نے کی، جبکہ سی پی آئی دیواکر، پی ایس آئی نوین، پی ایس آئی تمپا موگیر اور دیگر عملہ بھی آپریشن میں شریک تھا۔

دریں اثنا، اس معاملے کا کلیدی ملزم اُدے کمار رنگ راجو ابھی تک مفرور ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم شروع کردی گئی ہے۔


Share: