بھٹکل 9؍ دسمبر (ایس او نیوز):انجمن بوائز (انگلش میڈیم) ہائی اسکول کے سالانہ اجلاس میں اسکول کے ہونہار طالب علم ایلاف ابن رئیس فاروقی کو باوقار وقارِ انجمن گولڈ میڈل کے لیے منتخب کئے جانے کا اعلان کیا گیا، جبکہ رنر اَپ کے طور پر محمد جاسم ابن عمر جاوید تونسے اور محمد سیّان ابن حسین شبیر پوتے کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ یہ ایوارڈس انجمن ڈے کی تقریب کے پہلے دن 13 دسمبر کو پیش کیے جائیں گے۔
سالانہ اجلاس منگل، 9 دسمبر کو اسکول کیمپس میں نہایت وقار اور نظم و ضبط کے ساتھ منعقد ہوا۔ پروگرام میں مہمانِ خصوصی کے طور پر بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے سابق جنرل سکریٹری اور بھٹکل و نوائط کمیونٹی کی تاریخ پر گہری نظر رکھنے والے معروف مؤرخ مولوی عبدالمتین منیری نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے تعلیم کے ساتھ تربیت، اخلاق اور کردار سازی کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی اور طلبہ کو قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔

سالانہ گیدرنگ کے دوران اسکول کے ادبی و کھیل کود کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔
انجمن حامیٔ مسلمین کے صدر محمد یونس قاضیا کی صدارت میں منعقدہ اس اجلاس کا آغاز اسکول کے طالب علم محمد نوح سعدا کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ محمد حسن دامدا ابو نے نعتِ شریف پیش کی، فہد عجائب نے شرکاء کا استقبال کیا، جبکہ طاہرہ محمد مزمل نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔
اسکول کے ہیڈ ماسٹر حافظ عبداللہ رکن الدین نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے اسکول کی تعلیمی سرگرمیوں، کامیابیوں اور سال بھر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ رکھا۔ اس دوران مُسنّیٰ اور ٹیم نے ترانۂ انجمن بھی پیش کیا۔ پروگرام کا اختتام اسکول ٹیچر محی الدین سُفیان کے کلمۂ تشکر پر ہوا۔
تقریب میں انجمن کے جنرل سکریٹری اسحاق شابندری، نائب صدر اول و دوم محمد صادق پلور، ڈاکٹر زبیر کولا، ہائی اسکول بورڈ سکریٹری سعداللہ رکن الدین, پرائمری بورڈ سکریٹری افاق محتشم, سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔